دشمن فوجی زندہ نہیں بچیں گے:ایرانی آرمی چیف امیر حاتمی

تہران(ایجنسیاں) ایران کے آرمی چیف امیر حاتمی نے فوج کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر زمینی کارروائی کی صورت پیش آئی تو کوئی دشمن فوجی زندہ نہیں بچنا چاہیے۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق جنرل حاتمی نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے آن لائن خطاب میں بری، بحری، فضائی اور فضائی دفاعی افواج کے کمانڈرز سے کہا کہ ایرانی فوج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی دشمن نے ایران کے خلاف زمینی حملہ کیا تو اسے مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا، اور دشمن کے کسی بھی اقدام کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔جنرل حاتمی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ایران کے خلاف سازشوں کو ظاہر کرتے ہیں، اور امریکا و اسرائیل ایران کے وجود کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔