تہران ( رائٹرز، اے ایف پی، ایرانی سرکاری میڈیا، الجزیرہ)ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے دو ہفتے کی جنگ بندی اور مذاکرات کے حوالے سے جاری بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ دشمن کو اس “مجرمانہ جنگ” میں ناقابلِ تردید، تاریخی اور عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران نے امریکا کو 10 نکاتی منصوبہ قبول کرنے پر مجبور کیا، جس میں امریکا کی جانب سے عدم جارحیت کی ضمانت شامل ہے۔کونسل کے مطابق تجاویز میں آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول کو برقرار رکھنے، یورینیم افزودگی کو تسلیم کرنے، اور تمام بنیادی و ثانوی پابندیوں کے خاتمے جیسے نکات شامل ہیں۔
مزید کہا گیا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور بورڈ آف گورنرز کی قراردادوں کو ختم کرنے، ایران کو معاوضہ دینے، اور خطے سے امریکی افواج کے انخلاء کی تجاویز بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں، جبکہ لبنان کے خلاف تمام محاذوں پر جنگ روکنے کی بات بھی شامل ہے۔
بیان میں ایرانی عوام کو اس”فتح”پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا کہ تفصیلات سامنے آنے تک قومی اتحاد برقرار رکھنا ضروری ہے۔ایرانی سلامتی کونسل نے خبردار کیا کہ ان کی “انگلیاں ٹریگر پر ہیں”اور دشمن کی کسی بھی معمولی غلطی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

