ربیعہ احسن کو گولی شوہر احسن طاہر نے ماری، فائرنگ حادثاتی تھی یا دانستہ؟ تفتیش جاری:سی پی او

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کے قتل کی تفتیش میں یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ انہیں گولی ان کے شوہر اور مقدمے میں نامزد ملزم احسن طاہر نے ماری تھی، تاہم فائرنگ جان بوجھ کر کی گئی یا حادثاتی طور پر ہوئی، اس پہلو کی تحقیقات جاری ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی پی او نے بتایا کہ ملزم احسن طاہر نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ پستول سے گولی حادثاتی طور پر چلی تھی۔ واقعے کی تفتیش پیشہ ورانہ ٹیم کر رہی ہے، جس کی نگرانی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کر رہے ہیں۔

حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق واقعے سے متعلق تمام اہم شواہد فرانزک تجزیے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی لاہور بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کیا جا رہا ہے۔ تفتیش کے دوران اہم شواہد اکٹھے کرنے کے علاوہ متعلقہ افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیس میں احسن طاہر کے علاوہ کوئی دوسرا ملزم نہیں، پولیس تمام شواہد اور فرانزک رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد تفتیش مکمل کرکے مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کرے گی۔

سی پی او نے کہا کہ اگر ربیعہ کے اہل خانہ ملزم کو معاف کرتے ہیں یا اس کے ساتھ سمجھوتا کرتے ہیں تو یہ معاملہ عدالت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، اس حوالے سے پولیس کا کوئی کردار نہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مقدمے میں سو فیصد انصاف کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ربیعہ احسن 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں اپنے گھر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی تھیں۔ واقعے کے بعد ان کے شوہر احسن طاہر کو گرفتار کیا گیا تھا۔