روس آبنائے ہرمز اور خلیج کے امن کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار:سرگئی لاروف

نیویارک (اقوام متحدہ) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ روس آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے کے امن و استحکام میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے سرگئی لاروف نے کہا کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عرب ممالک اور ایران کے درمیان تعلقات میں اعتماد کی بحالی انتہائی اہم ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں مستحکم علاقائی ڈھانچے کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، روس دیگر ممالک کے ساتھ مل کر خلیجی خطے کے استحکام میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

سرگئی لاروف نے کہا کہ خطے میں موجود مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو اہمیت دی جانی چاہیے۔ روس نے اس سے قبل بھی آبنائے ہرمز سمیت خطے کی اہم بحری گزرگاہوں میں محفوظ اور بلا رکاوٹ آمدورفت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے 22 ستمبر کو ٹیلی فونک گفتگو میں آبنائے ہرمز اور باب المندب سمیت خطے کی بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں بحری جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔