بہاولپور (نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کامیاب ہوگئے۔
تمام 292 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ملک منیر اقبال چنڑ نے 79 ہزار 306 ووٹ حاصل کیے، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ 42 ہزار 623 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
حلقے میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے مقررہ وقت پر ختم ہوگئی، تاہم پولنگ اسٹیشن کی حدود میں موجود ووٹرز کو مقررہ وقت کے بعد بھی ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔
ضمنی انتخاب کے دوران حلقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ حلقے کے 292 پولنگ اسٹیشنز پر 3 ہزار 22 پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے، جبکہ 16 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا تھا۔
این اے 168 کی نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ ن نے ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ کو امیدوار نامزد کیا تھا، جبکہ ولی داد چیمہ سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ہیں۔

