کیف (رائٹرز، اے پی، الجزیرہ، بی بی سی) یوکرین کے شہر کریوی ریہ میں روسی ڈرون حملے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 130 زخمی ہوگئے۔یوکرینی حکام کے مطابق روسی ڈرونز نے شہر کے ایک مصروف شاپنگ سینٹر کو دو مرتبہ نشانہ بنایا۔ پہلے حملے کے تقریباً 30 منٹ بعد دوسرا حملہ کیا گیا، جب امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔ زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ دنیا کو ایسے حملوں کا مؤثر جواب دینا ہوگا۔یوکرینی حکام کے مطابق متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع نے یوکرینی فوج کی معاونت کیلئےاستعمال ہونے والی یوکرینی بندرگاہوں اور بحری جہازوں پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔یوکرین نے بھی روسی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جن میں سمارا کی آئل ریفائنری اور دیگر فوجی و اقتصادی تنصیبات شامل ہیں۔ رائٹرز کے مطابق یوکرینی ڈرون حملوں میں روس اور روس کے زیر قبضہ علاقوں میں بھی ہلاکتیں ہوئیں۔

