گوشواروں میں غلطیوں کی درستی کیلئے 31 دسمبر 2026ء تک وقت دے دیا گیا
اسلام آباد (بزنس رپورٹر) وفاقی حکومت نے سرکاری افسران کے مالی سال 26-2025ء کے اثاثوں اور آمدن کے ڈیجیٹل گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے نئی تاریخ 30 نومبر 2026ء مقرر کردی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ دفتری یادداشت کے مطابق وزیراعظم کی منظوری سے سرکاری ملازمین کے قواعد و ضوابط 2026ء کے قاعدہ 12(6) میں نرمی کرتے ہوئے گوشوارے جمع کرانے کی مدت بڑھائی گئی ہے۔ اس سے قبل ڈیجیٹل گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر مقرر تھی۔
حکومت نے گوشواروں میں غلطیوں کی اصلاح کے لیے بھی مہلت میں اضافہ کردیا ہے۔ اب متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹر کی منظوری سے اثاثوں کے گوشواروں میں تصحیح 31 دسمبر 2026ء تک کرائی جاسکے گی، جبکہ اس سے قبل یہ تاریخ 30 نومبر تھی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور متعلقہ انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ماتحت افسران کو توسیع شدہ مدت کے اندر ڈیجیٹل گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کریں۔
واضح رہے کہ نئے نظام کے تحت گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے وفاقی سرکاری افسران کو اپنے اثاثوں اور آمدن کی تفصیلات فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرانا ہوں گی۔ اس نظام کا مقصد گوشواروں کی ڈیجیٹل وصولی، جانچ پڑتال اور مقررہ قواعد کے تحت معلومات کی اشاعت کو یقینی بنانا ہے۔

