نیو اورلینز میں دریائے مسی سیپی پرآئل ٹینکر کی سے کروز شپ الٹ کر ڈوب گیا، تمام مسافرمحفوظ

حادثے کے وقت کروز شپ میں 129 مسافر سمیت عملے کے ارکان سوار تھے، 32 افراد اسپتال منتقل
کسی کی حالت تشویش ناک نہیں، میئر نے واقعے کو ’’مسی سیپی کا معجزہ‘‘ قرار دے دیا

نیو اورلینز (خبر ایجنسیاں) امریکی ریاست لوزیانا کے شہر نیو اورلینز میں دریائے مسی سیپی پر ایک بڑے آئل ٹینکر نے مسافروں سے بھرے کروز شپ کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں کروز شپ الٹ کر ڈوب گیا۔ حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی کی گئی اور جہاز میں سوار تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کا سراغ لگا لیا گیا، جبکہ 32 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حادثہ جمعہ 13 نومبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ساڑھے 12 بجے پیش آیا، جب ’’اٹلانٹک اسفالٹ‘‘ نامی تقریباً 160 میٹر طویل ٹینکر دریائے مسی سیپی میں لنگر انداز کروز شپ’’امریکن ہیریٹیج‘‘ سے ٹکرا گیا۔ اس وقت جہاز پر تقریباً 129 مسافروں کے علاوہ عملے کے ارکان بھی موجود تھے۔

ٹکر کے نتیجے میں کروز شپ تیزی سے ایک جانب جھکنے لگا اور اس میں پانی بھر گیا۔ جہاز پر موجود افراد کو نکالنے کا عمل جاری تھا کہ وہ الٹ گیا، جس کے باعث متعدد مسافر دریا میں جاگرے۔ بعض افراد نے زندگی بچانے والی جیکٹس پہن رکھی تھیں، جبکہ قریبی کشتیوں کے عملے، پولیس اہلکاروں اور دیگر امدادی کارکنوں نے لوگوں کو پانی سے نکالنے میں حصہ لیا۔

نیو اورلینز کی میئر ہیلینا مورینو نے بتایا کہ تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کا سراغ لگا لیا گیا ہے اور کوئی شخص لاپتا نہیں۔ انہوں نے اس کامیاب امدادی کارروائی کو ’’مسی سیپی کا معجزہ‘‘ قرار دیا۔ ان کے مطابق 32 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم کسی کی حالت تشویش ناک نہیں تھی۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثے کے بعد دریائے مسی سیپی کے تین میل طویل حصے میں بحری آمدورفت عارضی طور پر بند کردی گئی۔ حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹینکر کے اسٹیئرنگ نظام میں خرابی پیدا ہوئی تھی، تاہم حادثے کی حتمی وجہ معلوم کرنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔

امریکن ہیریٹیج جہاز امریکن کروز لائنز کی ملکیت تھا اور 8 روزہ دریائی سیاحتی سفر مکمل کرکے نیو اورلینز پہنچا تھا۔ جہاز میں تقریباً 150 افراد کی گنجائش تھی۔ حادثے کے بعد مسافروں کو بندرگاہ کی انتظامی عمارت میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد، رہائش اور اہل خانہ سے رابطے میں مدد فراہم کی گئی۔

لوزیانا کے گورنر جیف لینڈری نے کہا کہ حکام متاثرہ مسافروں کو اپنے گھروں تک واپس پہنچانے کیلئے انتظامات کررہے ہیں۔ امریکی قومی ادارہ برائے تحفظِ آمدورفت کے تفتیش کار بھی حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیں گے۔