سرینگر (کشمیر میڈیا سروس، دی کشمیر امیجز) بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کریں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی یومِ سیاہ منانے کی کال کی آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں نے حمایت کا اعلان کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارتی یومِ آزادی کے خلاف مظاہرے کریں گے اور مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے۔
دوسری جانب بھارتی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر خصوصاً سرینگر میں یومِ آزادی کی تقریبات کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ سرینگر میں مختلف مقامات پر اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ اہم شاہراہوں اور تقریبات کے مقامات کی جانب جانے والے راستوں پر نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔
سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں بھارت کے یومِ آزادی کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی، جس کے پیش نظر اسٹیڈیم اور اس کے اطراف سکیورٹی کے متعدد حصار قائم کیے گئے ہیں۔ گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی تلاشی اور نقل و حرکت کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
مقامی بھارتی میڈیا کے مطابق یومِ آزادی کی تقریبات سے قبل وادی بھر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور مختلف علاقوں میں قومی پرچم کے ساتھ ریلیاں بھی نکالی گئیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ یومِ سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری بھارتی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے اور اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

