سزا مکمل ہونے کے باوجود 10 سال اضافی قید، پشاور ہائیکورٹ کا ایک کروڑ روپے معاوضے کا حکم

پشاور (نمائندہ خصوصی) پشاور ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمے میں سزا مکمل ہونے کے باوجود تقریباً 10 سال تک کراچی سینٹرل جیل میں قید رہنے والے ضلع کرم کے شہری امین حسین کو ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ سرکاری حکام کی غفلت کے باعث شہری کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے 21 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ معاوضے کی رقم میں سے 50 لاکھ روپے خیبر پختونخوا حکومت جبکہ باقی 50 لاکھ روپے انکوائری میں ذمہ دار قرار پانے والے افسران اپنی جیب سے ادا کریں۔

عدالتی فیصلے کے مطابق امین حسین کو یکم دسمبر 2014ء کو منشیات کے مقدمے میں کراچی سینٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے 24 مئی 2016ء کو اپنی ایک سالہ سزا مکمل کرلی تھی، تاہم ضلع کرم میں والد کے مبینہ قتل کے ایک دوسرے مقدمے میں مطلوب ہونے کے باعث انہیں رہا نہیں کیا گیا۔

حکام کی ذمہ داری تھی کہ انہیں کراچی سے ضلع کرم منتقل کرکے متعلقہ عدالت میں پیش کرتے، لیکن مختلف سرکاری محکموں کے درمیان رابطے اور انتظامی کارروائی میں ناکامی کے باعث وہ تقریباً 10 سال تک کراچی جیل میں قید رہے۔ اس دوران جیل حکام کی جانب سے خیبر پختونخوا کے متعلقہ اداروں کو متعدد خطوط بھی ارسال کیے گئے، تاہم کوئی مؤثر پیش رفت نہ ہوسکی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ سرکاری محکمے اپنی غفلت کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالتے رہے اور قیدی کی منتقلی سے متعلق اہم دستاویزات بھی غائب ہوگئیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ سزا مکمل ہونے کے بعد اتنے طویل عرصے تک قید رکھنا آئین کے آرٹیکلز 4، 9، 10 اے اور 14 کے تحت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

عدالت نے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کو ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس کو غفلت کے مرتکب اہلکاروں کی نشاندہی کرکے کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ یہ تمام کارروائی دو ماہ میں مکمل کرنے اور معاوضے کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا گیا۔

واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ کی مداخلت کے بعد امین حسین کو مئی 2026ء میں کراچی سے ضلع کرم منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں 18 مئی کو بعد از گرفتاری ضمانت مل گئی تھی۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ ایک کروڑ روپے معاوضے کے باوجود درخواست گزار قانون کے مطابق مزید ہرجانے کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔