سعد ایدھی اسرائیلی قید سے رہائی کے بعد کراچی پہنچ گئے

کراچی(بیورورپورٹ)ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی اسرائیلی قید سے رہائی کےبعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وہ ترکیہ سے براستہ شارجہ کراچی پہنچے ،ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ایئرپورٹ پر فیصل ایدھی، سعد ایدھی کی اہلیہ، ان کی کمسن بیٹی اور دیگر شہری موجود تھے، جبکہ سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔اطلاعات کے مطابق سعد ایدھی غزہ کیلئے امدادی سامان لے جانے والے بین الاقوامی بحری قافلے “صمود فلوٹیلا” کا حصہ تھے، جو غزہ کا محاصرہ توڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔

سعد ایدھی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کا مشن غیر مسلح انسانی امداد پر مبنی تھا، جس کا مقصد غزہ کے متاثرہ اور بھوکے عوام تک خوراک اور ادویات پہنچانا تھا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی فوج نے بین الاقوامی سمندر میں غیر قانونی طور پر گرفتار کیا اور چار دن تک قید میں رکھ کر مبینہ طور پر غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا گیا۔

ان کے مطابق دورانِ قید انہیں ہراسانی اور تشدد کا سامنا رہا، جبکہ مختلف قیدیوں کے ساتھ سلوک ان کے پاسپورٹ کی نوعیت کے مطابق مختلف تھا۔اس موقع پر سابق سینیٹر مشتاق احمد نے بھی اسرائیلی اقدامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے فلسطینیوں کے خلاف ظلم قرار دیا۔