سنگاپور (عرب میڈیا) مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث سنگاپور ایئرلائنز نے دبئی کیلئے اپنا فضائی آپریشن 28 فروری 2027ء تک معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایئرلائن کی جانب سے جاری ہدایات میں بتایا گیا ہے کہ سنگاپور سے دبئی جانے والی پرواز ایس کیو 494 اور دبئی سے سنگاپور واپسی کی پرواز ایس کیو 495 کو مذکورہ تاریخ تک مکمل طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
سنگاپور ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ خطے کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، جس کے باعث دیگر پروازیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔ ایئرلائن نے مسافروں کو اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال مسلسل چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے ٹکٹ کے غیر استعمال شدہ حصے کی مکمل رقم واپس حاصل کرسکتے ہیں۔
ایئرلائن سے براہِ راست ٹکٹ بک کرانے والے مسافر آن لائن فارم کے ذریعے رقم کی واپسی کی درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے بکنگ کرانے والے مسافروں کو رقم کی واپسی کے لیے اپنے متعلقہ ایجنٹس سے رابطہ کرنا ہوگا۔

