سکاربرو(نامہ نگار)اونٹاریو لبرل پارٹی کی قیادت کی امیدوار لی فیئرکلاف کے اعزاز میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ایک خصوصی اجتماع کا اہتمام کیا گیا، جس میں کمیونٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے ان کی قیادت کی حمایت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد غوث ڈار، حافظ سمیر، احسن ضیاء،راجہ شفیق،چوہدری نذیر اور چوہدری امجد سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی، جبکہ بنگالی کمیونٹی کی نمائندگی امین الاسلام نے کی۔
تقریب میں لی فیئرکلاف کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کی قیادت کے سفر کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ کمیونٹی کی بھرپور شرکت اس بات کا اظہار ہے کہ پاکستانی کمیونٹی اونٹاریو کے مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئےمتحرک اور منظم ہے۔

اس موقع پر لی فیئرکلاف کی جانب سے اجتماع کے منتظمین، بالخصوص چوہدری نذیر، غوث ڈار، حافظ سمیر اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے تقریب کے انعقاد اور میزبانی میں اہم کردار ادا کیا۔تقریب میں شرکا کے جوش و خروش اور بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ کمیونٹی کے باہمی تعاون اور اتحاد کے ذریعے اونٹاریو کے بہتر مستقبل کیلئے مل کر آگے بڑھا جائیگا۔

