شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 16 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید

راولپنڈی (آئی ایس پی آر) شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 16 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 2 افغان شہری بھی شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علی خیل میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 افغان شہریوں سمیت 12 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران 2، 2 خوارج مارے گئے۔ کارروائیوں کے دوران ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

شہید حوالدار عصمت علی کی عمر 43 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع صوابی سے تھا، جبکہ 32 سالہ نائیک آفتاب علی کا تعلق ضلع مردان سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں، جن میں بے گناہ شہریوں کا قتل بھی شامل ہے، میں ملوث رہے تھے۔ علاقے میں باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔