صدرِ خزانہ بورڈشفقّت علی نےکیرولین پیرش کی دوبارہ انتخابی مہم کی حمایت کردی

مسی ساگا (نمائندہ خصوصی)وفاقی رکنِ پارلیمنٹ اور صدرِ مجلسِ خزانہ شفقّت علی نے مسی ساگا کی میئر کیرولین پیرش کے ہمراہ جمعۃالمبارک کے اجتماع کے موقع پر جامع اسلامیہ مسی ساگاکودورہ کیاجہاں انہوں نے امام مسجد مولانا آصف قاسمی سے ملاقات کی اورمسی ساگا کی میئر کیرولین پیرش کی دوبارہ انتخابی مہم کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ انہیں ایک بار پھر میئر منتخب کریں۔

شفقّت علی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ کیرولین پیرش کو 2 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جانتے ہیں اور عوامی خدمت کے لیے ان کی غیرمتزلزل وابستگی کا خود مشاہدہ کر چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کیرولین پیرش اصول پسند ہیں، عوام کو ترجیح دیتی ہیں اور جن لوگوں کی خدمت کرتی ہیں ان کے حقوق اور مفادات کے لیے مسلسل جدوجہد کرتی ہیں۔

شفقّت علی نے کہا کہ وہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہیں، کیونکہ باتیں کرنا آسان ہے، لیکن حقیقی قیادت کا تقاضا ہے کہ ذمہ داری اٹھائی جائے، کام کرکے دکھایا جائے اور ٹھوس نتائج سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران انہوں نے کیرولین پیرش میں یہی طرزِ قیادت دیکھا ہے۔

انہوں نے مسی ساگا کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کیرولین پیرش کو دوبارہ منتخب کریں، کیونکہ ان کے خیال میں شہر کو سٹی ہال میں ان کی قیادت کا تسلسل درکار ہے تاکہ آنے والی نسلوں کیلئےایک مضبوط اور روشن مسی ساگا تعمیر کیا جا سکے۔