صدر ٹرمپ سوشل میڈیا پر 8 ہزار 800 پوسٹیں کرچکے:وال اسٹریٹ جرنل

واشنگٹن(وال اسٹریٹ جرنل، امریکی میڈیا رپورٹس)امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب تک سوشل میڈیا پر 8 ہزار 800 سے زائد پوسٹیں کرچکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے پیر کے روز صرف تین گھنٹوں میں 55 پوسٹیں کیں، جن میں زیادہ تر دیگر اکاؤنٹس کی پوسٹوں کو دوبارہ شیئر کیا گیا۔اخبار کے مطابق صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ٹرتھ سوشل پر ٹرمپ کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 26 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ صدارت سنبھالنے سے قبل یہ تعداد 86 لاکھ تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 44 مواقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے رات 8 بجے سے صبح 6 بجے کے درمیان ایک درجن سے زائد پوسٹیں کیں، جبکہ گزشتہ برس یکم دسمبر کو انہوں نے رات سوا 8 بجے سے رات 12 بجے تک 160 پوسٹیں کیں۔وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق گزشتہ سال ستمبر سے اب تک ٹرمپ نے 120 پوسٹوں میں صومالیہ کو نشانہ بنایا، جن میں صومالیہ نژاد امریکی رکنِ کانگریس الہان عمر کے خلاف پوسٹیں بھی شامل تھیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ٹرمپ کی انتظامی معاون نیٹلی ہارپ سوشل میڈیا پوسٹیں صدر ٹرمپ کے پاس منظوری کیلئےلاتی ہیں اور منظوری کے بعد انہیں دوبارہ شیئر کیا جاتا ہے۔اخبار کے مطابق ٹرمپ کی ہدایت پر نیٹلی ہارپ نے سابق امریکی صدر براک اوباما اور مشیل اوباما کے خلاف نسلی امتیاز پر مبنی پوسٹیں بھی شیئر کیں، جنہیں بعد میں حذف کردیا گیا۔