صومالی قزاقوں کے حملے میں جاں بحق پاکستانیوں کے خاندانوں کیلئے مالی معاونت کا اعلان

کراچی (نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے صومالی قزاقوں کے حملے میں جاں بحق پاکستانیوں کے متاثرہ خاندانوں کیلئے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی معاونت کا اعلان کردیا۔صومالی قزاقوں سے چھڑائے گئے آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 میں جاں بحق 3 پاکستانیوں کی میتیں اور 4 زخمی کراچی پہنچ گئے۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی، صوبائی وزیر سعید غنی، ناصر شاہ سمیت دیگر رہنما کراچی ایئرپورٹ پر موجود تھے، جہاں حکومتی نمائندوں نے بحری قزاقوں کے حملے میں زخمی پاکستانیوں کا استقبال کیا۔اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی میتوں اور زخمیوں کی وطن واپسی کے مراحل کی نگرانی کی۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین علاج اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ جاں بحق افراد کے بچوں کے تعلیمی اور صحت کے اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو ایک ایک پلاٹ بھی دیا جائے گا۔