امریکی بیوروکریٹک نظام

ایک طویل عرصے سے میرے جیسے طالب علم یہ سمجھتے رہے ہیں کہ امریکہ کا بیوروکریٹک نظام اور بیوروکریسی ہر حکومت اور نئے صدر کے ساتھ بدل جاتا ہے ،میں ان دنوں امریکہ کے ایک شہر ڈیلیس میں ہوں ،جہاں ایک عزیز کے ساتھ بحث مباحثے اور اپنی ریسرچ کے ذریعے امریکہ میں بیوروکریسی کے نظام کو سمجھنے کی کوشش میں یہ سمجھ پایا ہوں کہ اوپر کی سطح پر ہر حکومت اپنے ٹیکنوکریٹ اور ماہر لوگوں کی شکل میں کچھ لوگوں کو ضرور انڈکٹ کرتی ہے اور یہی چیز اسے پاکستان کے نظام سے مختلف بناتی ہے، امریکی وفاقی حکومت میں اعلیٰ عہدے دو طرح کے ہیں ،نمبر ایک سیاسی یا صدارتی تقرریاں جو حکومت کے ساتھ آتی اور جاتی ہیں صدر اپنی انتظامیہ کے لیے بڑی تعداد میں سیاسی تقرریاں کرتا ہے، مثلاً خارجہ، دفاع، خزانہ وغیر ہ میں سیکرٹریز ،اسی طرح وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام ، بعض سفیر اور دیگر اعلیٰ انتظامی عہدوں پر ڈپٹی اور اسسٹنٹ سیکرٹریز کے عہدوں پر فائز یہ لوگ عموماً صدر یا متعلقہ سیاسی قیادت کے اعتماد پر کام کرتے ہیں، نئی انتظامیہ آنے پر ان میں سے بہت سے عہدے خالی ہو جاتے ہیں اور پھر نئی حکومت وہاں اپنے لوگ مقرر کرتی ہے، انہیں نان کئیرئر بیوروکریٹ ، صدر کے نامزد لوگ اور شیڈول سی کے افسر کہا جاتا ہے،دوسری طرف بڑی تعداد کیئرئر بیوروکریٹس کی ہوتی ہے اور یہ یہاں کی مستقل بیوروکریسی ہوتی ہے،اس میں ایسے اعلیٰ سرکاری افسر شامل ہیں جو صدر کے سیاسی مقررین اور باقی وفاقی ملازمین کے درمیان اہم انتظامی رابطہ کار بھی ہوتے ہیں،یہ عہدے میرٹ کی بنیاد پر بھرے جاتے ہیں یعنی اگر ڈیموکریٹ صدر کے بعد ریپبلکن صدر آ جائے تو یہ ہزاروں افسران اپنی ملازمتوں پر برقرار رہتے ہیں، ان کا کام نئی حکومت کی قانونی پالیسیوں کو نافذ کرنا ہوتا ہے، خواہ ان کی اپنی سیاسی وابستگی کچھ بھی ہو،اب ٹرمپ انتظامیہ نے ان عہدوں پر موجود افراد کے خلاف پرفارمنس اور مس کنڈکٹ کی بنیاد پر کارروائی نسبتاً آسان بنانے کے لیے نئے قواعد نافذ کیے گئے ہیں ،اس لیے یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ امریکہ میں ہر حکومت اپنے بیوروکریٹس لے کر آتی ہے، زیادہ درست بات یہ ہے کہ امریکہ میں سیاسی قیادت کے ساتھ ٹاپ سطح پر انتظامی افسران تبدیل ہوتے ہیں ، لیکن مستقل اور پیشہ ورانہ بیوروکریسی کا بڑا حصہ حکومت بدلنے کے باوجود برقرار رہتا ہے۔

مجھے یہ نکتہ دلچسپ لگا ہے کہ “حکومت بدلنے پر افسر بدلنا چاہیے یا نظام کے مستقل ماہرین برقرار رہنے چاہئیں؟” دنیا کے سب سے طاقتور جمہوری ممالک میں امریکہ کا سیاسی نظام عموماً صدر، کانگریس اور سپریم کورٹ کے گرد گھومتا دکھائی دیتا ہے، لیکن ریاست کے روزمرہ معاملات کو حقیقت میں چلانے والی قوت اس کی وسیع وفاقی بیوروکریسی ہے، صدر بدلتے ہیں، کانگریس کے ارکان تبدیل ہوتے ہیں، سیاسی جماعتیں اقتدار میں آتی اور اپوزیشن میں جاتی ہیں، مگر ریاستی اداروں کا بڑا حصہ مستقل بنیادوں پر کام کرتا رہتا ہے، یہی مستقل مزاجی امریکی ریاستی نظام کی ایک اہم خصوصیت ہے۔

امریکی بیوروکریسی سے مراد صرف واشنگٹن میں بیٹھے سرکاری افسر نہیں بلکہ وفاقی حکومت کے وہ لاکھوں ملازمین اور ادارے ہیں جو دفاع، ٹیکس، امیگریشن، صحت، سوشل سکیورٹی، قانون نافذ کرنے، ماحولیات، خوراک و ادویات، تعلیم، سرحدی انتظام، قدرتی وسائل، معاشی نگرانی اور بے شمار دیگر شعبوں میں ریاستی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں، امریکی نظام میں ایک بنیادی فرق یہ ہے کہ صدر اور ان کی سیاسی ٹیم پالیسی کی سمت طے کرتی ہے، جبکہ مستقل سرکاری ملازمین ان پالیسیوں کو قوانین، قواعد اور انتظامی طریقہ کار کے تحت نافذ کرنے کا کام کرتے ہیں، یہ نظام اس تصور پر قائم ہے کہ ریاست صرف سیاسی قیادت کے ذریعے نہیں چل سکتی، ایک صدر چار یا آٹھ سال کے لیے منتخب ہوتا ہے، لیکن حکومت کو ایسے ماہرین کی ضرورت رہتی ہے جو ٹیکس نظام، دفاع، سائبر سکیورٹی، صحت، ایٹمی توانائی، خارجہ پالیسی، امیگریشن اور مالیاتی معاملات جیسے پیچیدہ شعبوں کا مسلسل تجربہ رکھتے ہوں، ایک حکومت چلی جائے لیکن اداروں میں موجود ماہرین، قواعد، ریکارڈ اور انتظامی تجربہ بڑی حد تک باقی رہتا ہے اور امریکی وفاقی حکومت کے بہت سے ایسے کام ہیں جو کسی ایک صدر یا سیاسی جماعت کے لیے نہیں بلکہ مستقل ریاستی ذمہ داری ہیں۔

کیا امریکی بیوروکریسی واقعی موثر ہے؟ اس سوال کا جواب نہ مکمل طور پر ہاں ہے اور نہ مکمل طور پر نہیں میں ، امریکی بیوروکریسی میں دنیا کے انتہائی پیشہ ور اور ماہر سرکاری ادارے بھی موجود ہیں اور ایسے شعبے بھی ہیں جہاں سست روی، پیچیدگی، اداروں کے درمیان رابطے کی کمی اور انتظامی مسائل کی نشاندہی ہوتی رہی ہے، امریکی بیوروکریسی پر سب سے بڑی تنقید یہ ہے کہ یہ بہت بڑی، مہنگی اور بعض اوقات ضرورت سے زیادہ پیچیدہ ہے۔ امریکی بیوروکریسی کی کارکردگی کو صرف سرکاری اعداد و شمار سے نہیں بلکہ عوامی اعتماد سے بھی جانچا جا تا ہے، ستمبر 2025 میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق صرف 17 فیصد امریکیوں نے کہا کہ انہیں واشنگٹن کی وفاقی حکومت پر زیادہ تر یا تقریباً ہمیشہ اعتماد ہے کہ وہ درست کام کرے گی، یہ تقریباً سات دہائیوں کے تاریخی سلسلے میں انتہائی کم سطحوں میں سے ایک ہے حالانکہ میرٹ، مہارت اور احتساب امریکی سول سروس کی ایک بنیادی خصوصیت ہے، جسے سامنے رکھ کر تمام کام کئے جاتے ہیں۔

امریکہ کی بیوروکریسی سے پاکستان کیا سیکھ سکتا ہے؟ پاکستان اور امریکہ کے انتظامی نظام میں بہت بنیادی فرق ہے، اس لیے امریکی ماڈل کو جوں کا توں پاکستان میں نافذ نہیں کیا جا سکتا، تاہم چند اصول قابلِ غور ہیں،اول، سیاسی حکومت اور مستقل انتظامی مشینری کے درمیان واضح ذمہ داریوں کا تعین ضروری ہے، منتخب حکومت پالیسی بنائے اور بیوروکریسی قانون کے مطابق اسے موثر انداز میں نافذ کرے۔ دوم، بھرتی اور ترقی میں میرٹ، مہارت اور کارکردگی کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ سوم، بیوروکریسی کو مکمل آزادی دینے کے بجائے مضبوط مگر جوابدہ بنایا جائے ، صرف ملازمین کی تعداد کم کرنا انتظامی اصلاح نہیں، اصل سوال یہ ہے کہ کم وسائل میں بہتر سروس کیسے دی جائے، اگر کسی ادارے سے تجربہ کار افراد نکال دیے جائیں مگر اس کی ذمہ داریاں برقرار رہیں تو اخراجات شاید کم ہوں، لیکن ادارے کی صلاحیت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

امریکی نظام ایک پیچیدہ انتظامی ڈھانچہ ہے جو دنیا کی سب سے بڑی معیشت اور طاقتور ریاستوں میں سے ایک کو روزمرہ بنیادوں پر چلانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، اس کی اصل طاقت تسلسل، تخصص، ادارہ جاتی تجربے، میرٹ اور نگرانی میں ہے،ہمارے لئے اہم سبق یہ بھی ہے کہ اچھی بیوروکریسی کا مطلب زیادہ افسران یا کم افسران نہیں، بلکہ صحیح آدمی، صحیح ادارے، واضح ذمہ داری، قابلِ پیمائش کارکردگی اور موثر احتساب ہے۔ریاست کے لیے ایک مضبوط بیوروکریسی ضروری ہے، مگر بیوروکریسی خود ریاست نہیں ہوتی، آخری ذمہ داری منتخب سیاسی قیادت کی ہوتی ہے کہ وہ انتظامی مشینری کو واضح سمت، مناسب وسائل اور موثر نگرانی فراہم کرے، اسی توازن سے ایک ایسی حکومت وجود میں آ سکتی ہے جو صرف قوانین بنانے کے بجائے انہیں شہریوں کی زندگی میں عملی سہولت میں تبدیل کر سکے۔ہماری پاکستانی بیوروکریسی بہترین دماغوں پر مشتعمل ہے ،ضروری ہے یہ دماغ خراب نہ کئے جائیں اور انہیں سیاسی یا ذاتی ملازم بنانے کی بجائے ریاست اور عوام کاخادم بنایا جائے۔