ایران میزائلوں کی رینج اور رفتار بڑھانے کا فیصلہ کرچکا ہے: ایرانی فوج

تہران (رائٹرز) ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرامینیا نے کہا ہے کہ ایران اپنے میزائلوں کی رینج اور رفتار میں اضافہ کرے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق محمد اکرامینیا نے بتایا کہ امریکا کے ساتھ حالیہ جنگ کے دوران ایران نے فیصلہ کیا کہ میزائلوں کی رینج میں مزید اضافہ ضروری ہے اور اس سمت میں اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔

ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ امریکی افواج اب ایرانی ساحل سے 1000 کلومیٹر تک کے فاصلے پر موجود ہیں، اس لیے میزائلوں کی رفتار اور رینج بڑھانے کی ضرورت محسوس ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران استعمال کیے گئے ایرانی میزائلوں نے اچھی کارکردگی دکھائی، تاہم مستقبل میں ان کی رفتار اور مار کرنے کی صلاحیت میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

محمد اکرامینیا کے مطابق ایرانی میزائلوں کی رفتار اور درستگی بہتر بنانے میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور مستقبل کی نسل کے میزائلوں میں مزید جدید صلاحیتیں شامل کی جائیں گی۔