نیویارک (غیر ملکی میڈیا)یہودی مذہبی رہنماؤں نے نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی کو اسرائیل مخالف بیان بازی سے باز رہنے اور اسرائیل کے حوالے سے اپنے عوامی بیانات میں محتاط رویہ اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں سٹی ہال میں 10 ربیوں نے نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی سے ایک گھنٹہ بند کمرہ ملاقات کی۔ملاقات کے دوران مذہبی رہنماؤں نے میئر ظہران ممدانی کو اسرائیل سے متعلق ان کے بیانات پر تنقید کا نشانہ بنایا اور زور دیا کہ وہ اس معاملے پر اپنے عوامی مؤقف میں نظرِ ثانی کریں۔
ملاقات میں اصلاح پسند، قدامت پسند، ری کنسٹرکشنسٹ اور آرتھوڈوکس یہودی برادریوں کی نمائندگی کرنے والے مذہبی رہنما شریک ہوئے۔شرکا کے مطابق اسرائیل پر ظہران ممدانی کی سخت تنقید نے نیویارک کے یہودی باشندوں میں عدم تحفظ کے احساسات کو مزید بڑھایا ہے۔
یہ گول میز اجلاس میئر کے دفتر برائے انسدادِ یہود دشمنی کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا، جس کا مقصد یہودی برادری کے تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور رابطے کے نئے راستے قائم کرنا تھا۔

