عالمی یومِ آزادیٔ صحافت پر لاہور میں پی یوجے کے زیر اہتمام تقریب

لاہور (نمائندہ خصوصی)عالمی یومِ آزادیٔ صحافت پر ملک بھر کی طرح لاہور میں پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے تحت تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پیکا کے قانون کیخلاف جدوجہد تیز کرنے اور اس کے خاتمے کا عزم کیا گیا۔

لاہور پریس کلب میں منعقدہ تقریب کی صدارت پی یوجے کے نائب صدر شیر علی خالطی نے کی جبکہ مہمان خصوصی سینئر صحافی علامہ صدیق اظہر تھے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری پی یوجے قمرالزمان بھٹی، جنرل سیکرٹری لاہور پریس کلب افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فیڈرل کمیشن فار سیفٹی آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز کی پنجاب سے ممبر تمثیلہ چشتی سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب میں مقررین نے پیکا کے قانون اور میڈیا ورکرز کی معاشی بدحالی کے خاتمے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون آزادیٔ صحافت کو دبانے کی کوشش ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قانون کے تحت ہر سال 60 سے 70 صحافیوں کیخلاف مقدمات درج کیے جاتے ہیں اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جاتی ہیں۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان دنیا کے 180 ممالک میں آزادیٔ صحافت کے حوالے سے 153 ویں نمبر پر ہے جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں پر پابندیوں کے اس قانون کو فوری ختم کیا جائے اور میڈیا ورکرز کو معاشی بدحالی سے بچانے کیلئے بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے جبکہ آئی ٹی این ای کے چیئرمین کی فوری تعیناتی بھی کی جائے۔

تقریب میں پی یوجے کے سابق صدر گوہر بٹ، زاہد رفیق بھٹی، سابق جنرل سیکرٹری خواجہ آفتاب حسن، ننکانہ یونین آف جرنلسٹس کے صدر شیخ آصف، ننکانہ پریس کلب کے صدر افضل الحق، لاہور پریس کلب کے ممبر گورننگ باڈی کامران خان، ظہیر شیخ، ایگزیکٹو ممبر پی یوجے صلاح الدین بٹ، جمال احمد، سینئر صحافی معظم خلیل، سید شاکر علی شاہ، جاوید ہاشمی، ناصر محمود بھٹی، شہزاد ملک، نواز طاہر، تنویر ملک، فرخ علی سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔