عراقی مزاحمت کاروں نے اربیل امریکی ایئر بیس پر ریڈار سسٹم تباہ کر دیا

اربیل، عراق (ایرانی میڈیا) عراق میں سرگرم مزاحمتی گروپ ’اسلامک مزاحمتی گروپ عراق‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اربیل میں واقع امریکی ہریر ایئر بیس کے تین اہم اور حساس مقامات، بشمول مرکزی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جس کے بعد امریکی فوجی سرگرمیوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق بغداد سے رپورٹ دینے والے نمائندے نے بتایا کہ مسلسل میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد اڈے پر امریکی فوجی نقل و حرکت تقریباً رک گئی ہے۔

مزاحمتی گروپ کے دعوے کے مطابق پچھلے دو ہفتوں میں اڈے کے اہم انفرااسٹرکچر کو بارہا نشانہ بنایا گیا اور اربیل اڈے پر امریکی فضائی سرگرمیاں تقریباً 95 فیصد تک کم ہو گئی ہیں، جبکہ لاجسٹک پروازیں بھی بڑی حد تک معطل ہو چکی ہیں۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکی افواج اب محدود نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹرز کے بجائے ڈرونز پر انحصار کر رہی ہیں۔

اسی دوران بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اندر واقع وکٹوریہ بیس پر بھی میزائل حملے کا دعویٰ کیا گیا، جس میں مبینہ طور پر امریکی اہلکاروں کو جانی نقصان پہنچا، تاہم ان دعووں کی اب تک آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔