لاہور (نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ ان کی کسی بات یا عمل سے کبھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز یا پنجاب حکومت کو شرمندگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، اگر وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری ان کے بیان پر شرمندگی محسوس کر رہی ہیں تو یہ ان کی اپنی چوائس ہے۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ مریم نواز کی حکومت ہے، جہاں فوری انصاف ملتا ہے۔ ان کے مطابق یہ ان کی ذاتی رائے اور ایک عام شہری کے تاثرات تھے، اس معاملے پر پروپیگنڈا کرنا غیر ضروری تھا۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی حکومت یا کسی ادارے پر کوئی الزام نہیں لگایا تھا، بلکہ صرف اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ ان کی ساتھی عظمیٰ بخاری نے یہ کہا کہ ان کے بیان سے حکومت یا انہیں شرمندگی ہوئی، تاہم وہ احترام کے ساتھ ان کی اس بات سے اختلاف کرتی ہیں۔ ان کے خیال میں سوشل میڈیا پر ان کے کسی بیان پر کسی کو شرمندگی محسوس نہیں ہونی چاہیے۔
حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ عظمیٰ بخاری حکومت کی ترجمان ہیں اور انہوں نے حکومتی پالیسی بیان کی، جو اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملزمان کا دفاع کر رہے ہیں، وہ ان خاندانوں سے نہیں ملتے جن کے بچوں کی لاشیں بری حالت میں ملتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس شخص کے دل میں انسانیت ہے، اسے ملتان کے وسیم عباس کے واقعے کی خبر سن کر اندازہ ہو سکتا ہے کہ اس کے اہل خانہ پر کیا گزری ہوگی۔

