لاہور (نمائندہ خصوصی) حکومتِ پنجاب نے صحافی برادری کو رہائشی سہولت فراہم کرنے کیلئےاہم فیصلہ کرتے ہوئے صحافی کالونی فیز ٹIIکو کٹار بند روڈ سے منتقل کر کے چہارباغ اسکیم کے جے بلاک میں تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا، جبکہ منصوبہ پہلے سے منظور شدہ ماسٹر پلان کے مطابق ہی مکمل کیا جائیگا۔
اس فیصلے کے حوالے سے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسر RUDA عمران آمین اور سیکریٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے کی۔ اجلاس میں صحافی کالونی فیز II کی منتقلی، منصوبے پر ہونے والی پیش رفت اور اس کی بروقت تکمیل کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، جنرل سیکریٹری لاہور پریس کلب افضال طالب،(PJHF) پنجاب جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر عدنان رشید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایڈمن) اسد حسین، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز RUDA کرنل عابد لطیف سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے پنجاب جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن فیز II کے پلاٹوں کے اہل صحافیوں کی فہرست فوری طور پر RUDAکو فراہم کرے گا، جبکہ روڈا فہرست موصول ہونے کے بعد اہل صحافیوں کو باضابطہ اطلاع نامے جاری کرے گا تاکہ منصوبے کے اگلے مراحل پر بغیر کسی تاخیر کے عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ چہارباغ اسکیم کے جے بلاک کا ماسٹر پلان برقرار رہے گا اور ایڈوانس فیس و اقساط سابقہ طے شدہ معاہدے کے مطابق وصول کی جائیں گی۔ مزید یہ کہ ترقیاتی اخراجات براہِ راست روڈا وصول کرے گا، جبکہ صحافی کالونی فیز IIکیلئےپہلے سے مقررہ قواعد و ضوابط ہی اہل صحافیوں پر لاگو ہوں گے۔
سیکریٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے RUDA کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران امین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صحافیوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کیلئے RUDA کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ RUDAصحافی کالونی فیز IIکی بروقت ڈیولپمنٹ، پلاٹوں کا قبضہ اور دیگر تمام مراحل مقررہ وقت میں مکمل کریگا تاکہ صحافی اپنے گھروں کی تعمیر کا خواب پورا کر سکیں۔

اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، سیکریٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر RUDA عمران امین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے لاہور پریس کلب کے اراکین کیلئے فیز II کا جو وعدہ کیا تھا، وہ اب عملی تکمیل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافی کالونی فیز ٹII کو چہارباغ منتقل کر کے شہر کے اندر ایک بہترین مقام کا انتخاب کیا گیا ہے، جس پر صحافی برادری حکومت پنجاب، وزیر اطلاعات اور RUDAکی شکر گزار ہے۔ انہوں نے فیز IIمیں شامل تمام اہل صحافیوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔

