لاہور (نمائندہ خصوصی)لاہور کے علاقے اچھرہ کی اتحاد کالونی میں واقع ایک گھر میں قائم ٹیوشن سینٹر کے واش روم سے 10 سالہ بچی کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق 10 سالہ نعیمہ اپنی دو بہنوں کے ہمراہ ٹیوشن پڑھنے گئی تھی۔ دورانِ کلاس وہ واش روم جانے کا کہہ کر گئی، تاہم کافی دیر تک واپس نہ آنے پر بڑی بہن نے جا کر دیکھا تو وہ نیم مردہ حالت میں پڑی تھی۔جس پر بچی کے والدکواطلاع دی گئے جوفوری طورپرپہنچے اور بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اتحاد کالونی کے ایک گھر میں دو بہنوں نے ٹیوشن سینٹر قائم کر رکھا ہے، جہاں محلے کی 15 سے 20 بچیاں زیرِ تعلیم ہیں۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق یہ ٹیوشن سینٹر کافی عرصے سے چل رہا ہے اور اس سے قبل کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔
جاں بحق بچی کے والد عدنان، جو پیشے کے اعتبار سے رکشہ ڈرائیور ہیں، کا کہنا ہے کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کی بیٹی کی موت کیسے ہوئی، وہ انصاف کے منتظر ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی معائنے میں بچی کے گلے پر نشانات پائے گئے ہیں، جس کے بعد تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ قتل ہے، خودکشی ہے یا کسی اور وجہ سے پیش آیا، اس حوالے سے تمام پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔ چند مقامی افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، جبکہ حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد سامنے آئیں گے۔

