متحدہ عرب امارات میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے 2 پاکستانی جاں بحق

دبئی/ابوظبی (نمائندہ خصوصی) متحدہ عرب امارات میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے 2 پاکستانی جاں بحق ہوگئے جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔دبئی کے علاقے البرشا میں گاڑی پر میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک اور پاکستانی جاں بحق ہوا، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے جن میں پاکستانی، نیپالی اور بنگلادیشی شہری شامل ہیں۔

اس سے قبل 2 مارچ کو ابوظبی میں ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی کی شناخت مرید زمان کے نام سے ہوئی تھی۔پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں وطن منتقل کرنے کے اقدامات جاری ہیں جبکہ سفارتی حکام نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اماراتی وزارت دفاع کے مطابق ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک یو اے ای پر 238 بیلسٹک میزائل داغے گئے جبکہ 1422 ڈرون اور 8 کروز میزائل بھی فائر کیے گئے ہیں۔ آج یو اے ای پر 17 بیلسٹک میزائل اور 117 ڈرون حملے کیے گئے۔وزارت دفاع کے مطابق 16 میزائل اور 113 ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا گیا جبکہ ایک میزائل اور 4 ڈرون سمندر میں گرے۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے 2 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی عالمی امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہے، بین الاقوامی برادری کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری کشیدگی دیگر ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے اور تنازعات کا حل سفارتکاری اور تحمل میں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفارتی مشن ہر ممکن معاونت اور میتوں کی وطن واپسی کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔