اسلام آباد(نامہ نگار) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ محسن نقوی کیا قائداعظم ہیں کہ میں ان کی ذات پر تبصرے کروں؟ میں نے کبھی ان کی ذات پر تبصرہ کیا ہے نہ آئندہ کروں گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمیں منہ چھپانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، اب فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا۔ مجھ جیسا آدمی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں، اگر دلیل ہے تو پھر اتنا شارٹ ٹمپرڈ ہونے کی کیا ضرورت ہے؟
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کی کارکردگی پر بطور ساتھی اور سیاسی کارکن بات کرنا میرا حق ہے۔ میں نے ہمیشہ انہیں وزیر داخلہ کہہ کر مخاطب کیا، کبھی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نہیں کہا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ میں تین سال سے محسن نقوی کی ذات پر تبصرے نہیں کررہا، نہ کبھی ان کی ذات پر بات کی اور نہ کروں گا۔ وہ جو ہیں، میرے خیال میں بس وہی ہیں، اس پر تبصرے کی ضرورت ہی نہیں۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اپنی ناکامیوں پر ناراض ہونے اور ردعمل دینے کے بجائے محسن نقوی کو تسلیم کرنا چاہیے کہ نئے صوبوں کا معاملہ انہوں نے غلط انداز میں سنبھال کر متنازع بنا دیا ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں وزیراعظم سے متعلق غیر متعلقہ ریمارکس دیے، جن پر اعتراض کیا گیا۔ یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آنا ہے اور اتفاق رائے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔
ان کے مطابق غیر متعلقہ باتیں کرکے معاملے کو مزید الجھا دیا گیا ہے، اب یہ تنازع کی صورت میں پارلیمنٹ میں آئے گا۔ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ ان سے تو کسی نے بات ہی نہیں کی، پھر چار ماہ تک کیا ہوتا رہا؟
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جس شخص کے ساتھ آپ ہر وقت موجود ہوتے ہیں، جو آپ کا محسن بھی ہے، اگر اسے بھی اعتماد میں نہیں لے سکے تو یہ آپ کی ناکامی ہے۔ صرف یہ کہنا کہ یہ کردوں گا، وہ کردوں گا کافی نہیں، جو کام کرنا ہے وہ کرکے دکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے صدر زرداری کو ایک سے زیادہ مرتبہ کہتے سنا ہے کہ محسن نقوی میرے بیٹے ہیں۔ جب بھی ہم ایوان صدر گئے، محسن نقوی وہاں موجود ہوتے ہیں۔
سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ محسن نقوی کے بیانات سے ہمیں فرق نہیں پڑے گا، تاہم انہوں نے معاملے کو الجھا دیا ہے۔ انہوں نے ایک بات کی کہ نظام گر گیا، جس کے بعد اب تک اسی پر گفتگو ہورہی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ چار ماہ کے دوران نئے صوبوں کا معاملہ الجھایا گیا۔ پارلیمنٹ میں اس پر اتفاق رائے ہوتا ہے یا نہیں، یہ خدا بہتر جانتا ہے۔ موجودہ صورتحال میں اگر اس معاملے کی قیادت محسن نقوی نے کی ہے تو انہیں اس کی ذمہ داری بھی لینی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری اور بلاول بھٹو کا بیان موجود ہے کہ ان سے اس معاملے پر کسی نے بات نہیں کی۔ نظام ناکام نہیں ہوا بلکہ اسے ناکام کیا گیا، جس میں سیاست دانوں اور دیگر افراد کا بھی کردار ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کاروباری شخصیات کی جانب سے مسلم لیگ ن کو فنڈنگ دینے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری افراد تو کسی کو بخار بھی نہیں دیتے، وہ سیاسی جماعتوں کو اربوں روپے کیوں دیں گے؟ میرا چیلنج ہے کہ بتایا جائے کس کاروباری شخصیت نے مسلم لیگ ن کو اربوں، لاکھوں یا سو روپے بھی دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے اسی وقت ممکن ہے جب معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے تاکہ اس پر بحث ہوسکے۔ محسن نقوی کو یہ معاملہ دوسروں کے ساتھ بات کرنے سے پہلے ہم سے بھی زیر بحث لانا اور ہمیں اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔ اب یہ معاملہ متنازع ہوچکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے معاملے پر کوئی سمجھوتا یا راستہ نکل سکتا ہے، تاہم پیپلز پارٹی اب ریفرنڈم کے خلاف میدان میں آگئی ہے اور اس نے واضح کیا ہے کہ وہ ریفرنڈم کو تسلیم نہیں کرتی۔

