مختلف کمیونٹیز کو ساتھ لے کر چلنا میری ترجیح ہے:امیدوارسٹی کونسلر جو ہورنک

مِسی ساگا (نمائندہ خصوصی) مِسی ساگا وارڈ 6 کے سٹی کونسلرکے امیدوار جو ہورنک نے کہا ہے کہ شہر کی مختلف کمیونٹیز کو ساتھ لے کر چلنا ان کی ترجیح ہے، جبکہ محفوظ سڑکیں، منصفانہ ٹیکس اور مضبوط محلے ان کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔

جو ہورنک کے مطابق مِسی ساگا ایک متنوع اور کثیرالثقافتی شہر ہے جہاں مختلف ثقافتوں اور کمیونٹیز کی موجودگی شہر کی شناخت اور طاقت کا اہم حصہ ہے، اسلئے مقامی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مختلف کمیونٹیز سے مضبوط رابطہ رکھے اور ان کے مسائل کو سمجھے۔

جو ہورنک 2022 میں وارڈ 6 سے سٹی اور ریجنل کونسلر منتخب ہوئے تھے۔ میسی ساگا کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق عوامی عہدہ سنبھالنے سے قبل وہ مالیاتی اداروں میں نائب صدر اور ڈائریکٹر کی سطح پر کام کرچکے ہیں اور تین براعظموں میں ٹیموں کی قیادت کرچکے ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف واروِک سے بین الاقوامی سیاسی معیشت میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔

جو ہورنک نے کہا کہ سٹی ہال میں ان کی تین بنیادی ترجیحات محفوظ سڑکیں، منصفانہ ٹیکس اور مضبوط محلے ہیں۔ ان کے انتخابی منشور کے مطابق سڑکوں پر پیدل چلنے والوں، سائیکل سواروں اور ڈرائیوروں کے تحفظ کے اقدامات پر توجہ دی جارہی ہے، جبکہ میونسپل اخراجات کو قابو میں رکھنے کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔

میونسپل اخراجات کے حوالے سے جو ہورنک نے اپنے مالیاتی تجربے کو بروئے کار لانے پر زور دیا۔ ان کی جانب سے جاری کردہ 2026 کے علاقائی بجٹ کے جائزے کے مطابق کونسل نے بعض تجاویز کی منظوری دی، جن میں عملے کے اخراجات میں 20 لاکھ ڈالر کمی اور دیگر اقدامات شامل ہیں، جبکہ ان کے مطابق پہلے سے شناخت شدہ 80 لاکھ ڈالر سے زائد کی بچت بھی بجٹ میں شامل تھی۔

جو ہورنک کے مطابق وہ کمیونٹی رابطے کیلئے ٹاؤن ہالز، رہائشی گروپس اور مقامی انجمنوں کے ساتھ رابطہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مضبوط محلے اسی وقت قائم ہوتے ہیں جب رہائشی ایک دوسرے سے جڑے ہوں اور انہیں محسوس ہو کہ ان کی آواز سنی جارہی ہے۔

پاکستانی اور مسلم کمیونٹی سے اپنے روابط کے حوالے سے جو ہورنک نے مختلف ثقافتی اور مذہبی اداروں کے ساتھ رابطے کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق سٹی ہال میں افطار کی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں تقریباً 180 افراد نے شرکت کی۔

جو ہورنک نے کہا کہ وارڈ 6 کے مستقبل کیلئے ان کی توجہ مقامی سطح پر عملی پیش رفت، کمیونٹی رابطے، سڑکوں کی حفاظت، میونسپل اخراجات اور مختلف ثقافتی و مذہبی کمیونٹیز کے ساتھ تعاون پر مرکوز ہے۔جو ہورنک کی انتخابی مہم کی ویب سائٹ کے مطابق وہ 26 اکتوبر کے بلدیاتی انتخابات میں وارڈ 6 سے دوبارہ انتخاب لڑ رہے ہیں۔