تہران (رائٹرز، الجزیرہ، تسنیم نیوز ایجنسی) ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر ہمسایہ ممالک امریکی دباؤ کے تحت ایرانی پروازیں روکیں گے تو ان ممالک کے ہوائی اڈوں سے بھی پروازیں متاثر ہوسکتی ہیں۔
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک امریکی پابندیوں کی کارروائی میں شامل نہ ہوں۔
محسن رضائی نے کہا کہ اگر ہمسایہ ممالک ایرانی طیاروں کو اپنے ہوائی اڈوں پر آنے کی اجازت نہیں دیں گے تو ان کے اپنے ہوائی اڈے بھی پروازوں کے لیے فعال نہیں رہ سکیں گے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکی ثانوی پابندیوں کے باعث ایرانی فضائی کمپنیوں کو بین الاقوامی پروازیں جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔ امریکی اقدامات کے تحت ایرانی طیاروں کو ایندھن، لینڈنگ اور دیگر فضائی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو پابندیوں کا خطرہ ہے۔
ایران نے اس سے قبل تہران سے بغداد اور مسقط جانے والی بعض پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان بھی کیا تھا، جبکہ خطے میں ایرانی پروازوں سے متعلق صورتحال پر بات چیت جاری ہے۔

