مسی ساگا (نمائندہ خصوصی)کونسلر نٹالی ہارٹ نے پیل ریجنل پولیس کے اشتراک سے وارڈ 5 میں نئے 31 ڈویژن پولیس اسٹیشن کے مکمل طور پر فعال اور عوام کیلئے کھول دیے جانے کا اعلان کیا ہے، جو گزشتہ 20 برس سے زائد عرصے میں پیل ریجنل پولیس کی پہلی نئی ڈویژن ہے۔
یہ مکمل سروس پولیس مرکز کمیونٹی کے تحفظ کیلئے ایک اہم سرمایہ کاری قرار دیا جا رہا ہے، جہاں تعینات افسران، جدید سہولیات اور وسائل کے ذریعے وارڈ 5 کی بڑھتی ہوئی آبادی اور کاروباری علاقوں کی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے گا۔
نئے ڈویژن کے قیام سے مالٹن کے رہائشیوں اور کاروباری طبقے کو بہتر خدمات میسر آئیں گی جبکہ 12 ڈویژن کو برٹانیا کے علاقے میں مزید مؤثر انداز میں کام کرنے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام سے پولیس کے رسپانس ٹائم میں بہتری، گشت میں اضافہ اور پولیس، شہریوں اور کاروباری برادری کے درمیان تعلقات مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
کونسلر نٹالی ہارٹ نے کہا کہ جب انہوں نے عہدہ سنبھالا تو کمیونٹی سیفٹی کو اولین ترجیح بنایا تھا کیونکہ رہائشیوں اور کاروباری افراد کی جانب سے تحفظ، رسپانس ٹائم اور کمیونٹی میں پولیس کی موجودگی سے متعلق مسلسل خدشات سامنے آ رہے تھے۔برسوں کی کوششوں اور تعاون کے بعد یہ اہم منصوبہ اب عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ بغیر کسی اضافی ٹیکس بوجھ کے مکمل کیا گیا، جس میں پیل ریجنل پولیس، گریٹر ٹورنٹو ایئرپورٹس اتھارٹی اور دیگر کمیونٹی شراکت داروں کے درمیان مؤثر تعاون شامل رہا۔
31 ڈویژن کا افتتاح وارڈ 5 میں جاری دیگر حفاظتی منصوبوں کی بھی تکمیل کرتا ہے، جن میں “بی اے گڈ نیبر پائلٹ پروگرام” شامل ہے، جس کا مقصد محلوں میں معیار، آگاہی اور قانون نافذ کرنے کے اقدامات کو بہتر بنانا ہے۔کونسلر نٹالی ہارٹ نے کہا کہ یہ منصوبہ وارڈ 5 اور شہر مسی ساگا کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے، جو محفوظ سڑکوں، مضبوط محلوں اور بہتر معیارِ زندگی کی جانب ایک طویل مدتی سرمایہ کاری ثابت ہوگا۔

