مشی گن میں فائرنگ کے مختلف واقعات، مشتبہ حملہ آور سمیت 6 افراد ہلاک

مشی گن (اے پی) امریکی ریاست مشی گن کے دیہی علاقے مسکیوکی کاؤنٹی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں مشتبہ حملہ آور سمیت 6 افراد ہلاک جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

مشی گن اسٹیٹ پولیس کے مطابق ڈیٹرائٹ سے تقریباً 169 میل شمال مغرب میں واقع علاقے میں دوپہر سے کچھ قبل ایک گھر میں فائرنگ کی اطلاع پر اہلکار پہنچے تو وہاں 3 افراد مردہ جبکہ ایک شخص شدید زخمی حالت میں ملا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مشتبہ شخص 39 سالہ چاڈ ہک مین اہلکاروں کے پہنچنے سے قبل فرار ہوگیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا اور شہریوں کو خبردار کیا کہ ہک مین مسلح اور خطرناک ہے، اس کے قریب جانے سے گریز کیا جائے۔

تلاشی کے دوران ایک دوسرے گھر سے چوتھی لاش برآمد ہوئی۔ بعدازاں پولیس کو ہک مین کی گاڑی وٹ لاک جھیل کے قریب جنگلاتی علاقے میں ملی، جہاں ہک مین سمیت مزید ایک شخص کی لاش بھی برآمد ہوئی، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ تمام ہلاکتیں کس طرح ہوئیں اور مقتولین کا آپس میں یا مشتبہ حملہ آور سے کیا تعلق تھا۔ حکام نے مقتولین کے نام اور عمریں بھی اہل خانہ کو اطلاع دینے تک ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مشی گن اسٹیٹ پولیس کی لیفٹیننٹ ایشلے ملر نے واقعے کو کمیونٹی کے لیے انتہائی افسوسناک اور تفتیش کاروں کے لیے ایک مشکل صورتحال قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعدد مقامات پر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے ساتھ مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ پولیس نے شہریوں سے متاثرہ علاقوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔