ممبئی اور گریٹر نوئیڈا سے 9.4 کروڑ بھارتی روپے کی میتھ برآمد، اسرائیلی شہری سمیت 3 غیر ملکی گرفتار

ممبئی (غیر ملکی میڈیا)بھارتی ریاست مہاراشٹر کے انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ نے مقامی پولیس کی معاونت سے بین الریاستی منشیات کے ایک بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگاتے ہوئے ممبئی اور اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا سے 9.4 کروڑ بھارتی روپے مالیت کی میتھ ایمفیٹامین برآمد کرلی۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق کارروائی کے دوران ایک اسرائیلی شہری اور 2 غیر ملکی خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ممبئی کے علاقے باندرہ ایسٹ سے 2 ہزار 50 گرام میتھ ایمفیٹامین برآمد کی گئی، جس کی مالیت تقریباً 4 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی ہے، جبکہ گریٹر نوئیڈا سے مزید 2 ہزار 688 گرام منشیات برآمد ہوئی، جس کی مالیت 5.4 کروڑ بھارتی روپے ہے۔

پولیس کے مطابق ممبئی سے پہلی برآمدگی کے بعد گرفتار اسرائیلی شہری سے تفتیش کی گئی تو اس نے انکشاف کیا کہ وہ میتھ ایمفیٹامین گریٹر نوئیڈا میں قائم ایک فیکٹری سے خریدتا تھا۔

ملزم کی نشاندہی پر انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ نے مقامی پولیس کی مدد سے گریٹر نوئیڈا میں فیکٹری پر چھاپہ مارا، جہاں سے مزید منشیات کے علاوہ منشیات تیار کرنے میں استعمال ہونے والا کیمیائی مواد اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور گرفتار ملزمان سے منشیات کے بین الریاستی نیٹ ورک اور اس میں ملوث دیگر افراد کے بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔