منیٰ (سعودی پریس ایجنسی، عرب نیوز)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے منیٰ پیلس میں سالانہ استقبالیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت، خادمِ حرمین شریفین کے مہمانوں اور حج وفود کے سربراہان نے شرکت کی۔سعودی ولی عہد نے تقریب میں شریک معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ استقبالیے میں البانیہ اور چاڈ کے صدور، ترکیہ اور مالدیپ کے نائب صدور جبکہ مصر، موریطانیہ اور گنی کے وزرائے اعظم شریک ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف، علامہ طاہر محمود اشرفی اور دیگر حکام نے تقریب میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں شہزادہ محمد بن سلمان نے خادمِ حرمین شریفین کی جانب سے عیدالاضحیٰ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے سعودی عرب کو حرمین شریفین اور مقدس مقامات کی خدمت کا عظیم اعزاز عطا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زائرینِ حرمین کی خدمت سعودی عرب کے لیے باعثِ فخر ہے اور شاہ عبدالعزیز کے دور سے جاری اس خدمت کے سفر کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے حج انتظامات، عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں اور سعودی حکومت کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تحسین قرار دیا۔

