مولانااسعد محمود کو نیب کا دوسرا نوٹس،مفتی ابرار کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے مولانااسعد محمود کو نیب کا دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے.دوسری جانب مولاناکے سیکریٹری مفتی ابرار احمد کے خلاف دہشت گردی سمیت سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ مقدمے میں جماعت کے 200 سے زائد نامعلوم کارکنوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان کے مطابق مفتی ابرار احمد اور پارٹی کارکنوں پر پولیس اہلکاروں پر حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ترجمان نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کا جواب فوجداری مقدمات اور ریاستی طاقت کے استعمال سے دینا جمہوری اقدار کے منافی ہے۔

دوسری جانب قومی احتساب بیورو نے مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو پاکستان پوسٹ آفس میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں ایک اور طلبی کا نوٹس جاری کردیا ہے۔

نیب راولپنڈی پاکستان پوسٹ آفس کے افسران، ملازمین اور دیگر افراد کے خلاف مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات کر رہا ہے۔ اسعد محمود 2022ء سے 2023ء کے دوران وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز رہے تھے، ان کے دور میں ہونے والی بھرتیاں بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔

اسعد محمود کو 10 نومبر 2026ء کو نیب کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم وہ پیش نہیں ہوئے اور اپنے وکیل کے ذریعے تحریری جواب جمع کرایا۔ نیب حکام نے جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں دوبارہ طلب کرلیا۔

نوٹس کے مطابق اسعد محمود کوآج صبح 11 بجے نیب راولپنڈی کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدم پیشی کی صورت میں قومی احتساب آرڈیننس 1999ء کی دفعہ 31 کے تحت قانونی کارروائی کی تنبیہ بھی کی گئی ہے۔

نیب کی تحقیقات میں پاکستان پوسٹ آفس کیلئے منظور شدہ 3938 آسامیوں کے مقابلے میں 4252 افراد کی مبینہ بھرتیوں کا معاملہ بھی شامل ہے۔ تحقیقات کے مطابق 2646 بھرتیاں ایسی آسامیوں پر کیے جانے کا الزام ہے جو پہلے ہی ختم کی جاچکی تھیں۔ اس کے علاوہ جعلی دستاویزات، مقررہ عمر سے زائد امیدواروں کی بھرتیوں اور صوبائی ڈومیسائل کے مقررہ کوٹے کی خلاف ورزی کے الزامات بھی زیرِ تفتیش ہیں۔