میرپورخاص میں 2 کم عمر لڑکیوں سے مبینہ جنسی زیادتی، 55 سالہ ملزم گرفتار

میرپورخاص(پولیس، خبر ایجنسیاں) میرپورخاص میں پولیس نے دو کم عمر لڑکیوں سے مبینہ جنسی زیادتی کے الزام میں 55 سالہ شخص کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

آئی جی سندھ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی میرپورخاص سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کی ہے کہ ملزم کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔

پولیس کے مطابق ایک متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف زنا بالجبر کا مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جبکہ دونوں متاثرہ لڑکیاں آپس میں کزنز ہیں۔

مقدمے کے مطابق ملزم دونوں بچیوں کو زبردستی قریبی خالی اسکول کی عمارت میں لے گیا، جہاں انہیں مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ دونوں متاثرہ لڑکیوں کو طبی معائنے کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ عدالت نے 7 اگست کو ملزم اور متاثرہ لڑکیوں کو بیانات کے لیے طلب کرلیا۔