تہران (ایرانی میڈیا، غیرملکی خبر ایجنسیاں)ایرانی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے دعویٰ کیا ہے کہ میزائل حملوں کے بعد امریکی طیارہ بردار جنگی جہاز ابراہم لنکن سیکڑوں میل پیچھے ہٹ گیا۔شہرام ایرانی نے خبردار کیا کہ اگر امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن ایران کی میزائل حدود میں داخل ہوا تو اسے نشانہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے اطراف کے پانیوں پر ایران کا مکمل کنٹرول ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کا مشرقی حصہ اور بحیرہ عمان بھی ایرانی بحریہ کے دائرہ اختیار میں ہیں۔رپورٹس کے مطابق ایران اس امریکی کیریئر گروپ کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور اس سے قبل بھی حملوں کے دعوے کر چکا ہے، تاہم امریکا نے اکثر ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی میزائل اپنے ہدف کے قریب بھی نہیں پہنچے۔
امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی کا اہم حصہ ہے اور ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تقریباً 20 فیصد تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔

