میساچوسٹس(خبر ایجنسیاں)امریکی ریاست میساچوسٹس کے ساحل کے قریب لاپتہ ہونے والی ایئر ایمبولینس کا ملبہ مل گیا، طیارے میں سوار تمام 6 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔امریکی کوسٹ گارڈ نے طیارے کی تلاش اور امدادی کارروائیاں ختم کردی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق ایئر ایمبولینس برمودا سے بوسٹن جاتے ہوئے لاپتہ ہوئی تھی، جس میں 4 کینیڈین اور 2 برموداسے تعلق رکھنے والے شہری سوار تھے۔حکام کے مطابق طیارے میں 2 پائلٹ، 2 طبی اہلکار، ایک مریض اور اس کا ایک رشتہ دار موجود تھا۔
امریکی وفاقی ہوا بازی انتظامیہ کے مطابق طیارے سے مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی صبح رابطہ منقطع ہوا تھا، جبکہ ریڈیو رابطے کے دوران پائلٹ اور فضائی ٹریفک کنٹرولر کے درمیان مواصلاتی مسائل بھی سامنے آئے تھے۔حکام کے مطابق بعد ازاں فضائی ٹریفک کنٹرولر نے تصدیق کی کہ پائلٹ نے ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔

