سلو(نمائندہ خصوصی)برطانوی پولیس نے پی ٹی آئی کے طلبہ تنظیم انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے برطانیہ میں سربراہ معاز ملک کی گھر سے بے دخلی کے معاملے میں اپنی کارروائی پر معذرت کرتے ہوئے افسران کی غلطی تسلیم کرلی۔
تھیمز ویلی پولیس نے تحریری معذرت میں اعتراف کیا کہ کینیڈا روڈ، سلو میں واقع مکان سے بے دخلی کے موقع پر افسران نے معاز ملک کی جانب سے پیش کی گئی کرایہ داری سے متعلق دستاویزات پر مناسب توجہ نہیں دی۔
پولیس کے مطابق افسران اس وقت ان دستاویزات کو درست طور پر نہیں سمجھ سکے جن سے ظاہر ہوتا تھا کہ معاز ملک مذکورہ مکان میں بطور کرایہ دار رہائش پذیر تھے۔ایک سینئر پولیس افسر نے تحریری جواب میں کہا کہ یہ ایک غلطی تھی اور افسران معاز ملک کی صورتحال کو مکمل طور پر نہیں سمجھ سکے۔
پولیس نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اس واقعے کے نتیجے میں معاز ملک اپنے گھر تک رسائی سے محروم ہوگئے اور انہیں اس بات پر شدید پریشانی ہوئی کہ افسران نے ان کے خدشات کو مناسب طور پر نہیں سنا اور ان پر کارروائی نہیں کی۔
سینئر افسر نے کہا کہ پولیس فورس عوام سے انصاف، احترام اور ہمدردی کے ساتھ پیش آنے کے مطلوبہ معیار پر پوری نہیں اتری۔
تھیمز ویلی پولیس نے کہا کہ واقعے سے سبق حاصل کیا گیا ہے، متعلقہ افسران کے ساتھ یہ نکات شیئر کیے جائیں گے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے افسران کی معاملات کو سمجھنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے حاصل ہونے والے اسباق کو استعمال کیا جائے گا۔
پولیس نے شکایت کے ازالے میں تاخیر پر بھی معذرت کی اور تسلیم کیا کہ اصل واقعے کے بعد شکایت پر کارروائی میں خاصا وقت گزر گیا۔معاز ملک، جن کا قانونی نام معاز ایشان بتایا گیا ہے، اور ان کے مکان کے مالک کے درمیان کرایے اور معاہدے سے متعلق طویل عرصے سے تنازع جاری تھا۔
مکان کے مالک کا مؤقف تھا کہ معاز ملک نے ایک سال سے زائد عرصے تک کرایہ ادا نہیں کیا اور معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کی، جبکہ معاز ملک نے کرایہ ادا نہ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مکان میں مالک کی جانب سے بڑے پیمانے پر تعمیراتی کام شروع کیے جانے کے بعد انہوں نے کرایہ روک دیا تھا۔
معاز ملک کے مطابق تعمیراتی کام کے باعث وہ مکان میں اپنے کرایہ داروں کو رہائش فراہم کرکے کرایہ وصول نہیں کرسکتے تھے، اس لیے ان کے خیال میں معاہدے کی خلاف ورزی مکان کے مالک کی جانب سے ہوئی تھی۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق معاز ملک تقریباً 5 سال سے مذکورہ مکان میں رہائش پذیر تھے، تاہم کرایہ داری کے آخری عرصے میں دونوں فریقوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے۔
معاملہ مقامی کونسل کے سامنے بھی پیش کیا گیا، جس نے اس کا جائزہ لیا، بعد ازاں مکان کے مالک نے پولیس سے رابطہ کیا۔بعد میں پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں معاز ملک کو مکان سے بے دخل کیا گیا۔ واقعے کی ویڈیو بنائی گئی جو سماجی ذرائع ابلاغ پر بڑے پیمانے پر پھیل گئی اور بعد ازاں ذرائع ابلاغ تک بھی پہنچ گئی۔
تھیمز ویلی پولیس کی معذرت صرف بے دخلی کے روز پولیس کے طرزِ عمل سے متعلق ہے اور اس سے معاز ملک اور مکان کے مالک کے درمیان مالی تنازع حل نہیں ہوتا۔

