نئی دہلی کے کیفے میں خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی، 2 خواتین سمیت 3 افراد گرفتار

نئی دہلی (خبر ایجنسیاں) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے پریت وہار میں ایک کیفے میں 22 سالہ خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے الزام میں پولیس نے 2 خواتین سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ 3 دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون اور ملزمان ایک کیفے میں ملازم تھے۔ پیر کی شب وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پریت وہار کے ایک کیفے میں پارٹی کے لیے گئے۔ کیفے رات ساڑھے 11 بجے بند ہوگیا تھا، تاہم گروپ کے ایک رکن کے پاس چابی ہونے کے باعث اسے دوبارہ کھول کر محفل جاری رکھی گئی۔

پولیس کے مطابق گروپ نے وہاں شراب نوشی کی اور رات تقریباً ساڑھے 3 بجے کیفے سے روانہ ہوا۔ خاتون نے الزام لگایا کہ پارٹی کے دوران 2 افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ دیگر ساتھیوں نے ان کی معاونت کی۔

خاتون کی شکایت پر پولیس نے 6 افراد کے خلاف اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا۔ مشرقی دہلی کے ڈپٹی کمشنر پولیس راجیو کمار کے مطابق گرفتار ہونیوالوں میں 2 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں، جبکہ باقی 3 ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔