پاکستان میں ایک مرتبہ پھر نئے صوبوں، انتظامی یونٹس اور ریاستی ڈھانچے میں اصلاحات کی بحث زور پکڑ رہی ہے، یہ بحث کوئی نئی نہیں، مگر اس بار اس کی شدت اور نوعیت مختلف ہے، ایک طرف ملک میں آبادی، شہری پھیلاؤ اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر نئے صوبوں کے قیام کی تجاویز سامنے آ رہی ہیں تو دوسری طرف وفاقی اور صوبائی بیوروکریسی کے موجودہ ڈھانچے اور اس میں تبدیلیوں پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، اعلیٰ سطح پر یہ بھی سوچا جا رہا ہے کہ جن اداروں کے افسر سول سروس کے مختلف گروپس میں شامل ہوتے چلے آ رہے ہیں، اب انکی نمائندگی کا طریق کار بھی بدلا جائے ، ساتھ ہی یہ بھی زیر غور کیا جا رہا ہے کہ ان اداروں کے بیرون ملک تربیت کیلئےجانیوالے افسروں کو صرف تکنیکی یا شعبہ جاتی تربیت تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں جدید انتظامی نظام، پبلک گورننس اور بیوروکریٹک لیڈرشپ کی تربیت بھی دی جائے،یہ تمام معاملات ایسے وقت میں سامنے آ رہے ہیں جب پاکستان کی بیوروکریسی پر مالی بے ضابطگیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال، بیرون ملک جائیدادوں اور طرزِ زندگی سے متعلق مختلف الزامات اور خبریں عوامی بحث کا حصہ بنی ہوئی ہیں، اسلئےسوال صرف نئے صوبے بنانے یا نئے ادارے قائم کرنے کا نہیں بلکہ یہ ہے کہ کیا موجودہ نظام اپنی اصل روح کے مطابق عوامی خدمت انجام دے رہا ہے یا اسے بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے؟
پاکستان کی سول سروس کئی دہائیوں سے ریاستی نظم و نسق کی ریڑھ کی ہڈی سمجھی جاتی ہے، اسی بیوروکریسی نے مختلف ادوار میں سیاسی عدم استحکام، معاشی بحرانوں اور قدرتی آفات کے دوران ریاستی مشینری کو چلایا، ملک میں بے شمار ایسے افسر بھی موجود ہیں جنہوں نے دیانت، اہلیت اور غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے اپنی شناخت بنائی، تاہم اس حقیقت سے بھی انکار ممکن نہیں کہ گزشتہ چند دہائیوں میں بیوروکریسی پر عوامی اعتماد کو شدید دھچکا پہنچا ہے، کرپشن، سیاسی وابستگی، تبادلوں کی سیاست، اختیارات کے ناجائز استعمال اور احتساب کے کمزور نظام نے اس اعتماد کو متاثر کیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اب اصلاحات کی بات صرف سیاسی حلقوں تک محدود نہیں رہی بلکہ انتظامی ماہرین، سابق سرکاری افسران، تعلیمی اداروں اور پالیسی ساز حلقوں میں بھی اس پر گفتگو ہو رہی ہے، سوال یہ ہے کہ اگر نئے صوبے بن بھی جائیں تو کیا موجودہ انتظامی سوچ تبدیل کیے بغیر عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں گی؟ کیا صرف جغرافیہ بدلنے سے گورننس بہتر ہو جائے گی؟دنیا کے کامیاب ممالک کی مثالیں سامنے رکھی جائیں تو واضح ہوتا ہے کہ ترقی صرف نئے انتظامی یونٹس بنانے سے نہیں بلکہ مؤثر اداروں، مضبوط احتساب، جدید تربیت اور شفاف فیصلہ سازی سے آتی ہے، بہت سے ممالک نے اپنے سول سروس نظام کو وقت کے تقاضوں کے مطابق مسلسل بہتر بنایا ہے، وہاں افسر کی کامیابی کا معیار صرف سنیارٹی نہیں بلکہ کارکردگی، عوامی اطمینان، شفافیت اور نتائج ہوتے ہیں۔
پاکستان میں اگر بعض اداروں کے افسروں کی نمائندگی بڑھانے یا نئے انتظامی سیٹ اپ کی تجاویز آ رہی ہیں تو اس پر جذبات کے بجائے میرٹ، قومی ضرورت اور انتظامی افادیت کی بنیاد پر فیصلہ ہونا چاہیے، اگر کسی ادارے کے افسر واقعی ایسی مہارت رکھتے ہیں جو ریاستی نظم و نسق کو بہتر بنا سکتی ہے تو ان کے لیے مناسب راستہ نکالا جا سکتا ہے، لیکن اگر مقصد صرف اختیارات، مراعات یا اثرورسوخ میں اضافہ ہے تو ایسی اصلاحات ملک کو فائدے کے بجائے مزید پیچیدگیوں میں مبتلا کر سکتی ہیں۔
اسی تناظر میں بیرون ملک تربیت کے پروگرام بھی اہمیت اختیار کر جاتے ہیں،اگر افسروں کو جدید پبلک ایڈمنسٹریشن، ڈیجیٹل گورننس، مالیاتی نظم، انسانی وسائل کے انتظام، بحران سے نمٹنے اور عوامی خدمت کے عالمی معیار کی تربیت دی جائے تو یقیناً اس کے مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں، لیکن تربیت اس وقت مؤثر ہوتی ہے جب واپسی پر افسر کو اپنی سیکھی ہوئی صلاحیتوں کے مطابق کام کرنے کا ماحول بھی میسر ہو، اگر تربیت یافتہ افسر بھی پرانے، سست اور سیاسی دباؤ والے نظام میں کام کرنے پر مجبور ہو تو مہنگی ترین تربیت بھی مطلوبہ نتائج نہیں دے سکتی۔
حالیہ دنوں میں بعض سرکاری افسروں سے متعلق مالی کرپشن اور بیرون ملک اثاثوں کی خبریں بھی زیر بحث رہی ہیں، اگرچہ ہر الزام درست ثابت نہیں ہوتا اور ہر افسر کو قانونی تحفظ اور منصفانہ سماعت کا حق حاصل ہے، لیکن ایسے واقعات یہ ضرور ظاہر کرتے ہیں کہ احتساب کا نظام مزید مؤثر، شفاف اور غیر جانبدار ہونا چاہیے، بدعنوانی کے چند واقعات پوری بیوروکریسی کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں، جس کا نقصان ان ہزاروں دیانت دار افسروں کو بھی اٹھانا پڑتا ہے جو خاموشی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہوتے ہیں۔اصل ضرورت یہ ہے کہ احتساب کو سیاسی یا میڈیا مہم کے بجائے ایک مضبوط ادارہ جاتی عمل بنایا جائے، ہر افسر کے اثاثوں، مفادات، غیر ملکی سرمایہ کاری اور جائیدادوں کی شفاف جانچ کا ایسا نظام ہونا چاہیے جو قانون کے مطابق ہو، امتیازی نہ ہو اور بلا تفریق نافذ کیا جائے، اسی کے ساتھ دیانت دار اور بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی بھی اتنی ہی ضروری ہے۔
ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ پاکستان میں اکثر اصلاحات افراد کے گرد گھومتی ہیں، اداروں کے گرد نہیں، کسی ایک اچھے افسر کی تعیناتی سے وقتی بہتری ضرور آ سکتی ہے، مگر مستقل تبدیلی تب آئے گی جب ادارے مضبوط ہوں، قواعد واضح ہوں اور فیصلے شخصیات کے بجائے نظام کے مطابق کیے جائیں۔اگر ملک میں واقعی نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے تو اس کے ساتھ ایک جامع انتظامی اصلاحاتی پیکیج بھی ناگزیر ہونا چاہیے، اس میں سول سروس کی بھرتی، تربیت، ترقی، تبادلوں، احتساب، کارکردگی کے جائزے اور ڈیجیٹل گورننس جیسے تمام پہلو شامل ہونے چاہیے، صرف نقشہ بدل دینے سے گورننس بہتر نہیں ہوتی، بلکہ سوچ، نظام اور احتساب بدلنے سے نتائج آتے ہیں۔
یہ بھی ضروری ہے کہ سول سروس کے مختلف گروپس ،وفاقی اور صوبائی سروسز کے درمیان غیر ضروری مقابلے اور اختیارات کی کشمکش کے بجائے بین الادارہ تعاون کو فروغ دیا جائے، جدید ریاستیں ٹیم ورک کے ذریعے چلتی ہیں نہ کہ سروسز کی رقابت کے ذریعے،ہر سروس کی اپنی مہارت ہوتی ہے اور بہتر گورننس اسی وقت ممکن ہے جب تمام سروسز ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں۔
پاکستان اس وقت معاشی، انتظامی اور سماجی لحاظ سے ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے، ایسے میں انتظامی اصلاحات محض ایک سرکاری منصوبہ نہیں بلکہ قومی ضرورت ہے لیکن یہ اصلاحات جلد بازی، افواہوں یا وقتی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ وسیع مشاورت، آئینی تقاضوں، شفاف تحقیق اور قومی مفاد کو سامنے رکھ کر ہونی چاہییں۔
حرف آخر ،پاکستان کو صرف نئے صوبوں یا نئی بیوروکریسی کی نہیں بلکہ نئے طرزِ حکمرانی کی ضرورت ہے، ایسا طرزِ حکمرانی جہاں دیانت داری قابلیت سے جڑی ہو، احتساب بلاامتیاز ہو، تربیت عالمی معیار کی ہو، فیصلے شفاف ہوں اور عوام کو ریاست کی اصل ترجیح سمجھا جائے۔ اگر اصلاحات کا مقصد صرف عہدوں کی تقسیم، اختیارات کی منتقلی یا نئے انتظامی عنوانات پیدا کرنا ہے تو نتائج ماضی سے مختلف نہیں ہوں گے، لیکن اگر مقصد ایک مؤثر، جوابدہ اور عوام دوست ریاست کی تشکیل ہے تو یہی بحث پاکستان کے بہتر مستقبل کی بنیاد بن سکتی ہے

