پورٹ آف اسپین:دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کامیاب، سیریز 1-1 سے برابر

پورٹ آف اسپین(خبر ایجنسیاں) پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو باآسانی شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 117 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پہلی اننگز میں پاکستان کو 43 رنز کی برتری حاصل تھی، اس لیے قومی ٹیم کو فتح کے لیے صرف 75 رنز کا ہدف ملا، جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی عبداللّٰہ شفیق ناٹ آؤٹ رہے اور 24 رنز بنائے، جبکہ کپتان بابر اعظم بھی 24 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔ اذان اویس 18 اور امام الحق 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

میچ کی پہلی اننگز میں ناقابلِ شکست 160 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے عبداللّٰہ شفیق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ پوری سیریز میں 193 رنز بنانے والے بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی رہے۔

پورٹ آف اسپین میں ٹیسٹ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے 103 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی، تاہم پاکستانی بولرز نے عمدہ اور منظم بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو صرف 117 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے برینڈن کنگ انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آسکے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے کیویم ہوج 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ٹیگنارائن چندرپال اور روسٹن چیز نے 17، 17 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے اسپنرز علی عثمان اور ساجد خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایک کھلاڑی کو محمد علی نے آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی تھی۔ جواب میں پاکستان نے عبداللّٰہ شفیق کے ناقابلِ شکست 160، بابر اعظم کے 88، اذان اویس کے 55 اور ساجد خان کے 30 رنز کی بدولت 387 رنز بنا کر 43 رنز کی اہم برتری حاصل کی، جو بعد ازاں فتح کی بنیاد ثابت ہوئی۔