تہران(ایرانی صدارتی دفتر، خبر ایجنسیاں)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے استعفیٰ دینے پر غور سے متعلق خبروں کو بے بنیاد افواہیں قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا ہے کہ وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے اور بطور صدر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔
اپنی انتظامیہ کے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر مسعود پزشکیان نے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے اختلافات کی خبروں کی بھی سختی سے تردید کی۔صدر پزشکیان نے کہا کہ ان کی حکومت اور مسلح افواج کے درمیان مکمل رابطہ اور ہم آہنگی موجود ہے۔
اپنے ممکنہ استعفے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر وہ کبھی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کریں گے تو اس کا اعلان خود کریں گے، تاہم اس وقت ان کے مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ اپنے عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انتظامیہ اور سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے درمیان اختلافات موجود ہیں، حالانکہ ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔
اس سے قبل ایرانی صدر کے ڈپٹی انفارمیشن افسر مہدی طباطبائی بھی کہہ چکے ہیں کہ سیاسی انتہاپسند افواہیں پھیلا کر قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے اور ایران کے دشمنوں کے مفادات کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

