لاہور، کراچی میں پی ٹی آئی کا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج، متعدد رہنما و کارکن گرفتار

لاہور، کراچی(خبر ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے لاہور اور کراچی میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاٹھی چارج کیا، آنسو گیس کی شیلنگ کی اور متعدد رہنماؤں و کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

کراچی میں فوارہ چوک اور پریس کلب کے اطراف پی ٹی آئی کارکنوں نے بانی پی ٹی آئی سے اظہارِ یکجہتی اور 5 اگست یومِ سیاہ کے حوالے سے احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی، جبکہ بعض مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مسرور سیال سمیت متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جبکہ لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے اور گرفتار افراد کو مختلف مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ ہنگامہ آرائی کے باعث اطراف کی دکانیں بند ہو گئیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

احتجاج کے باعث گورنر ہاؤس، میٹروپول اور شاہین کمپلیکس کے اطراف شدید ٹریفک جام رہا۔ ایم آر کیانی روڈ سے فوارہ چوک تا دین محمد وفائی روڈ، کوسٹ گارڈ سے ریگل چوک تا سرور شہید روڈ، ایم ٹی خان روڈ سے پی آئی ڈی سی جانے والی سڑک، زم زمہ اسٹریٹ، خیابانِ شمشیر کے دونوں ٹریک اور سر شاہ سلیمان روڈ پر قبا مسجد غریب آباد سے لیاقت آباد تک دونوں اطراف ٹریفک معطل رہی۔ بعد ازاں احتجاج کے خاتمے کے بعد ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ڈاکٹر مسرور سیال سمیت کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست یومِ سیاہ کے پرامن احتجاج پر گرفتاریاں شہریوں کے آئینی حق پر حملہ اور جمہوری اقدار کے منافی اقدام ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں سیاسی کارکنوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں ایوانِ عدل کے باہر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پولیس نے کارکنوں اور پارٹی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ پولیس نے احتجاجی شرکا کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جبکہ رکن پنجاب اسمبلی اویس ورک کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ایوانِ عدل کے باہر پولیس اور مظاہرین کے درمیان کچھ دیر کشیدگی رہی، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے لاہور اور کراچی میں پولیس کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں پرامن احتجاج کے حق پر قدغن اور سیاسی انتقام قرار دیا، تاہم پولیس کی جانب سے ان الزامات پر تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔