نیویارک (اسرائیلی میڈیا، ٹائمز آف اسرائیل) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیلئے نیویارک کا مختصر دورہ کرینگے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کی ملاقات شیڈول نہیں ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو جمعرات کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور تقریر کے فوراً بعد اسرائیل واپس روانہ ہوجائیں گے۔ ان کے دورے کا شیڈول ماضی کے مقابلے میں انتہائی محدود رکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر کو اسرائیل میں ہونے والے انتخابات سے تقریباً ایک ماہ قبل نیتن یاہو کی جنرل اسمبلی میں تقریر کا ایک اہم سامعین اسرائیلی ووٹرز ہوں گے، جبکہ وہ ایران کے ساتھ جنگ اور اسرائیل کی سلامتی سمیت اہم معاملات پر بات کریں گے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق نیتن یاہو کے دفتر نے ٹرمپ سے ملاقات کی کوشش کی تھی، تاہم امریکی صدر کی جانب سے ملاقات کیلئے آمادگی ظاہر نہیں کی گئی۔ ٹرمپ نیتن یاہو کی نیویارک آمد سے پہلے ہی شہر سے روانہ ہوچکے ہوں گے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو کو نیویارک میں اپنے دورے کے دوران مخالفانہ ردعمل کا بھی سامنا متوقع ہے، جبکہ جنرل اسمبلی کے موقع پر ان کی دیگر اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی محدود رہیں گی۔نیتن یاہو جمعرات کو اسرائیلی وقت کے مطابق رات تقریباً 9 بجے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جسے اسرائیل میں پرائم ٹائم میں نشر کیا جائے گا۔

