نیتن یاہو پر سیاسی دباؤ میں اضافہ، 7 اکتوبر حملے کی آزادانہ تحقیقات کے بل کی منظوری

یروشلم (رائٹرز، خبر ایجنسیاں) اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو کے خلاف سیاسی دباؤ بڑھنے لگا، اسرائیلی پارلیمان نے 7 اکتوبر 2023ء کو حماس کے حملے اور اس سے پہلے ہونے والی سیکیورٹی ناکامیوں کی آزادانہ تحقیقات کے لیے سرکاری تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کے بل کی ابتدائی منظوری دے دی۔ بل کے حق میں 65 اور مخالفت میں 50 ارکان نے ووٹ دیا۔ نیتن یاہو طویل عرصے سے ایسے آزادانہ تحقیقاتی کمیشن کے قیام کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق یہ بل اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کے سیاسی اتحاد کی جانب سے پیش کیا گیا تھا اور اس کی منظوری کو نیتن یاہو کے لیے اہم سیاسی دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔ بل کی منظوری کے بعد اسے مزید غور اور ترمیم کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا۔ قانون بننے کے لیے اسے پارلیمان سے مزید تین مراحل میں منظوری حاصل کرنا ہوگی۔

بل کے تحت 5 ارکان پر مشتمل ایک ریاستی تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے گا، جو 7 اکتوبر کے حملے کے اسباب، اسرائیلی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامیوں اور اس کے بعد شروع ہونے والی جنگ کا جائزہ لے گا۔ تحقیقات کا دائرہ اگست 2014ء میں غزہ جنگ بندی کے بعد سے جنوری 2026ء میں آخری ہلاک شدہ یرغمالی کی لاش اسرائیل واپس پہنچنے تک کے واقعات پر محیط ہوگا۔ مجوزہ کمیشن سے توقع ہے کہ وہ اپنے قیام کے ایک سال کے اندر عبوری رپورٹ پیش کرے گا۔

اسرائیل میں 7 اکتوبر کے حملے کے بعد سے متاثرہ خاندان، ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اور اپوزیشن جماعتیں مسلسل مطالبہ کررہی ہیں کہ حملے سے پہلے کی انٹیلی جنس ناکامیوں، حکومتی فیصلوں اور سیکیورٹی انتظامات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ حملے کو روکنے میں ناکامی کیوں ہوئی اور اس کی ذمہ داری کن حکام پر عائد ہوتی ہے۔

نیتن یاہو آزادانہ تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے مخالف ہیں۔ ان کا مؤقف رہا ہے کہ تحقیقات کے لیے ایسا کمیشن ہونا چاہیے جس کے ارکان کا انتخاب سیاست دان کریں اور جس کے دائرہ کار کا تعین حکومت کرے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس طریقہ کار سے حکومت کو ان واقعات کی تحقیقات پر اثرانداز ہونے کا موقع مل سکتا ہے جن میں اس کے اپنے فیصلوں اور کارکردگی کا جائزہ لیا جانا ہے۔

مجوزہ بل کی منظوری کے وقت ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اور متاثرہ خاندان بھی پارلیمان میں موجود تھے۔ ان خاندانوں کی نمائندہ تنظیموں نے ووٹنگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قانون سازی کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور مستقبل میں ایسے سانحے کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔

ادھر نیتن یاہو کے سیاسی مخالفین نے پارلیمان میں وزیرِاعظم کے عہدے کی مدت محدود کرنے اور فوجداری الزامات کا سامنا کرنے والے افراد کو حکومت بنانے سے روکنے کے بل کی بھی ابتدائی منظوری حاصل کرلی۔ اس تجویز کے تحت کوئی بھی وزیرِاعظم مسلسل 8 سال سے زیادہ اس عہدے پر فائز نہیں رہ سکے گا اور اس کے بعد مزید 8 سال تک دوبارہ اس منصب کے لیے اہل نہیں ہوگا۔ اس بل کو بھی مزید قانون سازی کے مراحل سے گزرنا ہے۔

یہ پیش رفت اسرائیل میں 27 اکتوبر کے انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال کے تناظر میں ہوئی ہے۔ انتخابات میں نیتن یاہو کے اتحاد کی پارلیمانی اکثریت ختم ہوگئی تھی اور وہ عبوری وزیرِاعظم کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، تاہم انہیں حکومت بنانے کے لیے اتحادی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

7 اکتوبر 2023ء کو حماس کے حملے میں اسرائیلی حکام کے مطابق تقریباً 1200 افراد ہلاک اور 250 سے زائد افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔ اس حملے کے بعد اسرائیل نے غزہ میں فوجی کارروائی شروع کی، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور تباہی ہوئی۔