نیویارک: ایئر کینیڈا طیارہ حادثہ، 2 پائلٹس ہلاک، بلیک باکسز برآمد

نیویارک ( سی بی سی/ریڈیو کینیڈا/غیر ملکی میڈیا)نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے مطابق ایئر کینیڈا ایکسپریس کی پرواز 8646 نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پورٹ اتھارٹی کے فائر ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹس انتون فاریسٹ اور میکنزی گنتھر ہلاک ہوگئے۔

حکام کے مطابق حادثے کے بعد طیارے کے دونوں بلیک باکسز برآمد کر لیے گئے ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔

رپورٹس کے مطابق ایئر ٹریفک آڈیو میں فائر ٹرک کو رن وے کراس کرنے کی اجازت دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، حادثے میں 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ طیارے میں 72 مسافر سوار تھے، ایک فضائی میزبان کو شدید چوٹوں کے باعث سرجری درکار ہے جبکہ فائر ٹرک میں سوار افراد کو معمولی زخم آئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر پروازوں کا آپریشن بحال کر دیا گیا ہے تاہم مرکزی رن وے کئی روز تک بند رہے گا اور بلیک باکس ڈیٹا سمیت دیگر شواہد کی مدد سے تحقیقات مکمل کی جائیں گی۔