کیلیفورنیا (ایجنسیاں) معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے گیمز پلیئر ایکسپیرینس شعبے کے ڈائریکٹر آف انجینئرنگ جوناتھن میک کنزی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، پولیس نے قتل کے الزام میں ان کے ساس اور سسر کو گرفتار کرلیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق 40 سالہ جوناتھن میک کنزی کو ہفتہ 26 ستمبر کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تقریباً 3 بجے کیلیفورنیا کے شہر ڈبلن میں ڈبلن اسپورٹس گراؤنڈز کے باہر پارکنگ ایریا میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق ایک اہلکار نے معمول کی گشت کے دوران پارکنگ میں ایک شخص کو زخمی حالت میں دیکھا، جبکہ اسی دوران ہنگامی خدمات کو فائرنگ کی متعدد اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ امدادی اہلکاروں نے جوناتھن میک کنزی کو بچانے کی کوشش کی تاہم وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
عینی شاہدین کی نشاندہی پر پولیس نے چند منٹ بعد جائے وقوع کے قریب سے مقتول کے 77 سالہ ساس شویونگ ژانگ اور سسر شیلی چن کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو سانتا ریٹا جیل میں رکھا گیا ہے اور ان کیخلاف پہلی درجے کے قتل، مجرمانہ سازش، انتہائی غفلت سے اسلحہ چلانے اور بچوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
دونوں ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان کیخلاف الزامات کی باضابطہ کارروائی ہوگی۔پولیس نے تاحال قتل کے محرک کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی۔ تاہم عدالتی ریکارڈ کے مطابق مقتول اور ان کی اہلیہ کے درمیان طلاق اور بچوں کی تحویل سے متعلق قانونی تنازع جاری تھا۔ حکام نے یہ تصدیق نہیں کی کہ فائرنگ کا واقعہ اسی تنازع سے متعلق تھا۔

