واشنگٹن:امریکی سی آئی اے کے سربراہ جان ریٹکلف کا اچانک روس کا دورہ

واشنگٹن (رائٹرز/امریکی میڈیا)امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے روسی حکام سے ملاقاتوں کے لیے اچانک ماسکو کا دورہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ جان ریٹکلف ماسکو پہنچے ہیں، تاہم ان کے دورے کی نوعیت اور روسی حکام سے ملاقاتوں کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئی ہیں۔

جان ریٹکلف کا یہ دورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ روس اور ایران کے درمیان فوجی، معاشی اور سفارتی تعلقات قائم ہیں۔

نومبر 2021 میں سابق سی آئی اے ڈائریکٹر ولیم برنز کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے بعد یہ کسی امریکی انٹیلی جنس چیف کا ماسکو کا پہلا دورہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یوکرینی انٹیلی جنس اور سفارتی ذرائع کے مطابق روس اور ایران کے درمیان دفاعی اور ڈرون تعاون کے تناظر میں ریٹکلف کا دورہ اہمیت کا حامل ہے۔ تاہم ماسکو ایران کو کسی بھی قسم کی فوجی معاونت فراہم کرنے کی تردید کرتا ہے اور امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے حل میں مدد کی پیشکش کر چکا ہے۔

امریکی سی آئی اے نے جان ریٹکلف کے دورہ ماسکو سے متعلق رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔