واشنگٹن:ایران کو دی گئی ڈیڈلائن میں توسیع ہوسکتی ہے:ڈونلڈٹرمپ

واشنگٹن(رائٹرز، اے پی، اے ایف پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کیلئےعائد کردہ ڈیڈلائن میں ممکنہ توسیع کا اشارہ دے دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے امریکی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ ثالثوں کے ذریعے ایران کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے، اس لیے پانچ گھنٹے بعد ختم ہونے والی ڈیڈلائن کو ممکنہ طور پر بڑھایا جا سکتا ہے۔

قبل ازیں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر حالات نہ بدلے تو ایران کی پوری تہذیب کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکتا ہے، تاہم انہوں نے یہ واضح کیا کہ وہ ایسا نہیں چاہتے مگر اس کا امکان موجود ہے۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران میں رجیم چینج ہو چکی ہے اور موجودہ قیادت مختلف، اسمارٹ اور کم شدت پسند ہے۔

دوسری جانب، ڈیڈلائن ختم ہونے سے پہلے ہی ایران کے ریلوے ٹریکس اور پلوں پر اسرائیل نے بمباری کی ہے، جبکہ امریکا نے ایران کے خارگ جزیرے پر حملہ کیا۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے سرخ لکیر عبور کی تو جواب خطے کے باہر دیا جائے گا، اور ساتھ ہی آبنائے ہُرمُز اور بحیرہ احمر میں باب المندب بھی بند ہو سکتا ہے۔ادھر وائٹ ہاؤس نے ایران کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کے امکانات کی تردید کی ہے۔