واشنگٹن:چین نے ایران کو مذاکرات پر آمادہ کیا:ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن (اے ایف پی،رائٹرز، نیویارک ٹائمز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ چین نے ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کیا، یہ بیان انہوں نے ایران پر بمباری روکنے کے اعلان کے بعد دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ بیجنگ نے تہران کو اہم بنیادی تنصیبات پر ممکنہ حملوں کی ڈیڈ لائن سے قبل مذاکرات پر آمادہ کیا۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق ایرانی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ چین نے آخری لمحات میں مداخلت کرتے ہوئے ایران پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرے اور لچک کا مظاہرہ کرے کیونکہ ممکنہ جنگ سے معاشی نقصانات کا خدشہ تھا۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی بھی اسی تناظر میں قبول کی، جبکہ اس پیشرفت کی منظوری اعلیٰ قیادت کی جانب سے دی گئی۔چین ایران کا قریبی شراکت دار اور اس کے تیل کا بڑا خریدار ہے، تاہم اس کے خلیجی ممالک کے ساتھ بھی مضبوط معاشی تعلقات ہیں، جس کے باعث وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کا خواہاں ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ماہ چین کے دورے پر بیجنگ جائیں گے جہاں ان کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ سے متوقع ہے، جسے دونوں طاقتوں کے درمیان اہم سربراہی اجلاس قرار دیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی ترسیل شدید متاثر ہوئی ہے اور اس اہم بحری گزرگاہ سے گزرنے والی آمدورفت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔